پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے مداحوں کو خوش خبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کے گھر جلد ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔
اداکارہ نے اپنے شوہر حمزہ امین کے ہمراہ سوشل میڈیا پر خوبصورت میٹرنٹی فوٹو شوٹ شیئر کیا، جس کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
معرکہ حق کے موقع پر اسلام آباد میں ٹریفک ڈائیورژن پلان جاری
اشنا شاہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مشترکہ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے پہلے بچے کی آمد کی منتظر ہیں۔ انہوں نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا: “So much for abs this summer” جبکہ ساتھ ہی AminPartyOfThree# کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
شیئر کی گئی تصاویر میں اشنا شاہ اور حمزہ امین کریم رنگ کے ملبوسات میں خوشگوار انداز میں نظر آئے۔ اداکارہ نے سادہ مگر دلکش میٹرنٹی گاؤن زیب تن کیا تھا جبکہ فوٹو شوٹ میں دونوں کی خوشی نمایاں دکھائی دی۔
اس خوش خبری پر شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات نے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ درفشاں سلیم نے مبارکباد دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا جبکہ منال خان نے انہیں “مبارک ہو ماما” لکھا۔
کبریٰ خان نے دعا دیتے ہوئے “اللّٰہم بارک” لکھا جبکہ زویا ناصر نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ “ایک ننھی بڈی راستے میں ہے”۔
اس کے علاوہ کنزا ہاشمی، سجل علی اور ندا یاسر سمیت متعدد فنکاروں نے بھی جوڑے کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔
واضح رہے کہ اشنا شاہ اور حمزہ امین نے فروری 2023 میں کراچی میں شادی کی تھی، جس کی تصاویر اور تقریبات سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھیں۔