تلور کے شکار کی اجازت سے متعلق اہم منظوری کابینہ کی قانون سازی اور نجکاری سے متعلق قائمہ کمیٹی کے 42ویں اجلاس میں دی گئی، جس کی صدارت صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کی۔

محکمہ جنگلی حیات و پارکس پنجاب نے تلور کو سال بھر تحفظ فراہم کرنے والے تھرڈ شیڈول سے عارضی طور پر خارج کرکے شکار کی اجازت والے فرسٹ شیڈول میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی تھی، جسے کمیٹی نے منظور کرلیا۔
لیبیا کے ساحل پر پاکستانی تارکین کی کشتی ڈوبنے کی اطلاعات ہیں: دفترِ خارجہ
وائلڈ لائف حکام کے مطابق کمیٹی کے فیصلے موصول ہونے کے بعد متعلقہ قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی، جس کے تحت تلور کو تھرڈ شیڈول سے نکال کر فرسٹ شیڈول میں شامل کیا جائے گا۔ اس کے بعد مخصوص مدت کے لیے محدود پیمانے پر تلور کے شکار کی اجازت دی جاسکے گی۔
پنجاب وائلڈ لائف (پروٹیکشن، پریزرویشن، کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ) ایکٹ 1974 کے تحت تلور تھرڈ شیڈول میں شامل ہے، جس کی وجہ سے اسے معمول کے حالات میں سال بھر شکار سے تحفظ حاصل ہے۔ تاہم قانون کی دفعہ 45(i) حکومت کو یہ اختیار دیتی ہے کہ وہ سرکاری گزٹ میں نوٹیفکیشن جاری کرکے کسی بھی جنگلی جانور یا پرندے کو مختلف شیڈولز میں شامل یا خارج کرسکتی ہے۔
پاکستان میں تلور کے شکار کے لیے روایتی طور پر خلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والی عرب شخصیات پاکستان کا رخ کرتی ہیں، جن میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین کے شکاری شامل ہیں۔ ان میں سے بعض شکاری جنوبی پنجاب کے صحرائی علاقوں میں تلور کے شکار کے لیے آتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق خلیجی خطے میں جاری کشیدگی کے باعث رواں سیزن میں عرب شکاریوں کی پاکستان آمد گزشتہ برسوں کے مقابلے میں محدود رہنے کا امکان ہے، جبکہ اب تک ایک بڑے عرب ملک سے شکاریوں کی آمد کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں تلور کے شکار کے لیے مختلف علاقوں کی سفارش وفاقی وزارت خارجہ کی جانب سے کی جاتی ہے، جبکہ شکار کے اجازت نامے متعلقہ صوبائی حکومتیں اپنے قوانین اور ضوابط کے تحت جاری کرتی ہیں۔


