کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے ریفرنڈم کرانا لاحاصل ہوگا اور اس سے کسی مسئلے کا حل نکلتا نظر نہیں آتا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ لوگ آکر کہتے ہیں کہ ہمیں نئے صوبے بنانے ہیں، لیکن جب آپ کسی عہدے پر آتے ہیں تو آپ کو تنقید بھی برداشت کرنا پڑتی ہے، ہم بھی دوسروں پر تنقید کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے حوالے سے ان سے کسی نے بھی بات نہیں کی۔ دوسرا سوال یہ ہے کہ ریفرنڈم کس معاملے پر کرایا جائے گا؟ ان کے خیال میں ریفرنڈم پر پیسہ خرچ کرنا ضیاع ہوگا، کیونکہ اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ ریفرنڈم کے بعد بھی آئینی طریقہ کار ہی اختیار کرنا ہوگا، اس لیے یہ عمل لاحاصل ہوگا اور کسی مسئلے کا حل نظر نہیں آتا۔
پاکستان کا نئی پالیسی کے تحت ایل پی جی سیکٹر کو آگے بڑھانے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئین میں جو معاملات واضح طور پر درج ہیں، ان پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔ صوبائی حدود میں تبدیلی صوبائی اسمبلی کی منظوری کے بغیر ممکن نہیں، ہم نے پہلے ہی دن اپنا مؤقف واضح کر دیا تھا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر کسی کو یہ لگتا ہے کہ حکومت سندھ اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ میں آکر نیا بلدیاتی قانون بنا رہی ہے تو یہ تاثر درست نہیں۔ ہر کوئی تنقید کر سکتا ہے، تاہم نیا بلدیاتی قانون بنانا پہلے ہی ہماری جماعت کے منشور میں شامل تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں اس وقت 123 عمارتیں عدالتی حکم امتناع کے تحت تعمیر کی جا رہی ہیں، حکومت نے ان تمام عمارتوں پر کام رکوا دیا ہے۔ عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ ان عمارتوں کے حوالے سے 15 دن میں فیصلہ کیا جائے۔ اگر توہین عدالت کی کارروائی ہوئی تو اس کا سامنا کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں اصلاحات اور تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) میں 17 افراد کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔


