مصدق ملک کا دو ٹوک مؤقف، مکالمے کی آڑ میں بھارتی بیانیے کی کوشش ناکام

نئی دہلی: پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری سینیٹر مصدق مسعود ملک 20 نومبر 2026ء کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمہ فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کے لیے نئی دہلی پہنچ گئے۔ یہ فورم 20 سے 22 نومبر تک جاری رہے گا۔
فورم کے موقع پر ایک بھارتی صحافی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات اور مشترکہ تہذیبی روابط کے حوالے سے سوال کیا، جس پر وفاقی وزیر مصدق ملک نے واضح اور مدلل جواب دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی مکالمہ ہمیشہ دو الگ اور ممتاز شناختوں کے درمیان ہوتا ہے، جبکہ یکسانیت یا مصنوعی ہم آہنگی کی صورت میں بامعنی مکالمے کے بجائے صرف یک طرفہ گفتگو ہوتی ہے۔
مصدق ملک کے مطابق پاکستان اور بھارت دو الگ، مستقل اور خودمختار قومی و تہذیبی شناختیں رکھتے ہیں۔ ان کے اس مؤقف نے دونوں ممالک کی جداگانہ شناخت اور دوقومی نظریے کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق دو الگ قوموں اور تہذیبی شناختوں کی حقیقت تسلیم کرنے سے بھارت کے نام نہاد ’’اکھنڈ بھارت‘‘ اور ہندوتوا کی بالادستی کے بیانیے پر سوالات اٹھتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ تصور خطے میں ہمسایہ ممالک کی خودمختاری اور آزاد حیثیت کے حوالے سے خدشات پیدا کرتا ہے۔
تاریخی اور فکری حوالوں سے بھی برصغیر میں الگ قومی تشخص کا تصور نیا نہیں ہے۔ انیسویں صدی میں سر سید احمد خان نے مسلمانوں اور ہندوؤں کے معاشرتی اور تاریخی اختلافات کی نشاندہی کی تھی، جبکہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو مذہب، فلسفے، اقدار اور تاریخ کے اعتبار سے ایک الگ اور مستقل قوم قرار دیا تھا۔
معروف عالمی مؤرخ اسٹینلے وولپرٹ (Stanley Wolpert) کے تجزیے میں بھی قائداعظم کی قیادت اور برصغیر کی سیاست میں ان کے کردار کو اہم قرار دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق قائداعظم کی سیاسی بصیرت نے برصغیر کی سیاست اور عالمی نقشے کو نئی سمت دی۔
دوسری جانب جنوبی ایشیا کے تجزیہ کاروں اور مبصرین، جن میں ادایان داس (Udayan Das) بھی شامل ہیں، کے مطابق ’’اکھنڈ بھارت‘‘ جیسے تصورات ہمسایہ ممالک کی خودمختاری کے لیے خدشات پیدا کرتے ہیں اور بھارت کے اندرونی سیاسی بیانیے کو تقویت دینے کا ذریعہ بنتے ہیں۔



