Gas Leakage Web ad 1

ڈاکٹر سحر یوسف کے دماغی انکشافات، موبائل فون سامنے رکھنے سے ذہانت اور توجہ متاثر ہونے کا دعویٰ

یو سی برکلے کی نیورو سائنسدان نے راج شمانی کے پوڈکاسٹ میں دماغی کارکردگی، سوشل میڈیا کے اثرات، ملٹی ٹاسکنگ اور کامیابی کے اہم رازوں پر گفتگو کی۔

0

انسانی دماغ کی کارکردگی، یادداشت اور توجہ کو بہتر بنانے کے حوالے سے معروف نیورو سائنسدان ڈاکٹر سحر یوسف نے اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید دور میں موبائل فون اور سوشل میڈیا کا ضرورت سے زیادہ استعمال انسانی ذہنی صلاحیتوں کو متاثر کر رہا ہے، جبکہ روزمرہ کی چند عادات تبدیل کرکے دماغ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

راج شمانی کے معروف پوڈکاسٹ پروگرام ’’فگرنگ آؤٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سحر یوسف نے بتایا کہ وہ کاگنیٹو نیورو سائنٹسٹ ہیں اور ان کی تحقیق کا بنیادی موضوع نیورو پلاسٹیسٹی یعنی انسانی دماغ کی بدلنے اور نئی چیزیں سیکھنے کی صلاحیت ہے۔ ان کے مطابق انسانی دماغ مستقل طور پر ایک جیسا نہیں رہتا بلکہ سوچ، احساسات اور روزمرہ عادات کے ذریعے اس میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

ڈاکٹر سحر یوسف نے گفتگو کے دوران موبائل فون کے انسانی ذہن پر اثرات سمجھاتے ہوئے ایک تحقیق کا حوالہ دیا۔ ان کے مطابق اگر موبائل فون مکمل طور پر بند بھی ہو اور میز پر سامنے رکھا ہو تو اس کی موجودگی انسان کی توجہ اور عمومی ذہنی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ دماغ فون کو پیغامات، تفریح اور دیگر سرگرمیوں سے منسلک کرتا ہے، جس کے باعث توجہ کا ایک حصہ مسلسل اس کی طرف متوجہ رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کام کے دوران موبائل فون کو نظروں سے دور رکھنا زیادہ بہتر ہے، جبکہ سونے سے 15 سے 30 منٹ پہلے اور بیدار ہونے کے بعد بھی کچھ وقت تک فون استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

ملٹی ٹاسکنگ ذہنی کارکردگی متاثر کرتی ہے

ڈاکٹر سحر یوسف کے مطابق انسان بیک وقت کئی کام مؤثر انداز میں انجام دینے کے بجائے ایک وقت میں ایک کام پر بہتر توجہ دے سکتا ہے۔ جس عمل کو عام طور پر ملٹی ٹاسکنگ کہا جاتا ہے، وہ دراصل بار بار ایک کام سے دوسرے کام کی طرف توجہ منتقل کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر مرتبہ توجہ تبدیل کرنے سے وقت اور ذہنی توانائی خرچ ہوتی ہے، جس سے کام مکمل کرنے کی رفتار اور معیار متاثر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ای میلز، واٹس ایپ اور دیگر اطلاعات کو بار بار چیک کرنے کے بجائے ایک وقت میں ایک کام مکمل کرنے کی عادت اپنائی جائے۔

شارٹ ویڈیوز اور سوشل میڈیا کے نقصانات

پوڈکاسٹ میں شارٹ ویڈیوز اور سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سحر نے کہا کہ مسلسل ریلز اور مختصر ویڈیوز دیکھنے سے دماغ ہر وقت نئی چیز کی تلاش میں مصروف رہتا ہے۔

ان کے مطابق طویل دورانیے کی ویڈیوز، کتابیں اور پوڈکاسٹ دیکھنے یا سننے سے معلومات کو سمجھنے، یاد رکھنے اور دوسروں کے جذبات کو محسوس کرنے کی صلاحیت بہتر ہو سکتی ہے، جبکہ مسلسل مختصر ویڈیوز دیکھنے سے توجہ کا تسلسل متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے بڑھتی ہوئی تنہائی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ آن لائن مواد حقیقی انسانی تعلقات کا متبادل نہیں بن سکتا۔ دوستوں اور خاندان کے افراد کے ساتھ وقت گزارنا اور حقیقی ملاقاتیں ذہنی سکون کے لیے اہم ہیں۔

صبح 5 بجے اٹھنا کامیابی کی ضمانت نہیں

ڈاکٹر سحر یوسف نے صبح 5 بجے اٹھنے کے مشہور رجحان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام انسانوں کی حیاتیاتی گھڑی ایک جیسی نہیں ہوتی، اس لیے ہر شخص کے لیے صبح جلدی اٹھنا ضروری یا موزوں نہیں۔

انہوں نے کرونوٹائپس کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ بعض افراد قدرتی طور پر صبح جلدی زیادہ متحرک ہوتے ہیں، کچھ کی توانائی دن میں مختلف اوقات میں عروج پر ہوتی ہے، جبکہ بعض افراد رات کے وقت زیادہ بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں۔

ان کے مطابق کامیابی کے لیے کسی دوسرے شخص کے شیڈول کی نقل کرنے کے بجائے اپنی جسمانی ضروریات اور نیند کے معمول کو سمجھنا زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے مناسب اور مسلسل نیند کو دماغی کارکردگی کے لیے بنیادی ضرورت قرار دیا۔

بری عادات چھوڑنے کا طریقہ بھی بتا دیا

ڈاکٹر سحر نے وضاحت کی کہ بری عادات اکثر کسی ذہنی دباؤ، تھکاوٹ یا ناخوشگوار احساس سے بچنے کی کوشش میں جنم لیتی ہیں۔ مثال کے طور پر کوئی شخص کام کے دباؤ سے بچنے کے لیے موبائل پر ریلز دیکھنا شروع کر دیتا ہے، لیکن کچھ وقت بعد کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے مزید پریشانی اور احساسِ جرم کا شکار ہو جاتا ہے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ ایسی صورتحال میں فوری طور پر موبائل اٹھانے کے بجائے چند لمحوں کے لیے رک کر اپنے احساسات کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ اس کے بعد 60 سیکنڈ تک آنکھیں بند کرکے گہری سانسیں لینے جیسی متبادل سرگرمی اپنائیں۔

ذہنی تھکن اور برن آؤٹ سے بچنے کے لیے 3M فارمولا

ڈاکٹر سحر یوسف نے ذہنی تھکن اور برن آؤٹ سے بچنے کے لیے 3M فریم ورک بھی متعارف کرایا، جس میں تین طرح کے وقفے شامل ہیں۔
– مائیکرو بریک: روزانہ 10 سے 15 منٹ کا وقفہ۔
– میسو بریک: ہر ہفتے 2 سے 4 گھنٹے کا وقفہ۔
– میکرو بریک: ہر ماہ آدھے یا پورے دن کی چھٹی۔
ان کے مطابق ان وقفوں کے دوران کام اور اس سے متعلق خیالات سے مکمل طور پر دور رہنا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے کوئی نیا مشغلہ اپنایا جا سکتا ہے، مثلاً کھانا پکانا، موسیقی سیکھنا یا چہل قدمی کرنا۔

ڈیجیٹل ڈیٹاکس کے تجربے کے حیران کن نتائج

پوڈکاسٹ میں ڈاکٹر سحر نے یو سی برکلے کے 450 طالب علموں پر کیے گئے 9 ہفتوں کے ڈیجیٹل ڈیٹاکس تجربے کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق اس تجربے میں طالب علموں کے شارٹ ویڈیوز دیکھنے کا وقت محدود کیا گیا، انہیں موبائل کے بغیر طویل فلمیں دیکھنے، نئے مشاغل اپنانے اور حقیقی زندگی میں دوستوں سے ملاقات کرنے کی ترغیب دی گئی۔

ڈاکٹر سحر کے مطابق تجربے کے اختتام پر طالب علموں میں تنہائی، ڈپریشن اور بے چینی کی سطح میں کمی جبکہ توجہ اور ورکنگ میموری میں بہتری دیکھی گئی۔ انہوں نے اسے دماغ کی بدلنے اور نئی عادات اپنانے کی صلاحیت کی ایک مثال قرار دیا۔

گفتگو کے اختتام پر ڈاکٹر سحر یوسف نے کہا کہ کامیابی کے لیے صرف محنت کافی نہیں بلکہ اپنے دماغ کی ضروریات، توجہ، نیند اور جذبات کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔ ان کے مطابق انسان اپنی روزمرہ عادات اور سوچ میں تبدیلی لا کر اپنی ذہنی کارکردگی اور زندگی کے معیار کو بہتر بنا سکتا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.