Gas Leakage Web ad 1

دس ہزار روپے کے قرض پر یومیہ لاگت 24 روپے 66 پیسے ہوگی، ایس ای سی پی

موبائل ایپس کے ذریعے دیے جانے والے قرضوں پر سالانہ شرحِ منافع 274 سے کم کرکے 90 فیصد مقرر، نئے ضوابط کے تحت قرض کی حد 50 ہزار روپے اور مدت زیادہ سے زیادہ 90 دن ہوگی۔

0

اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے فراہم کیے جانے والے ڈیجیٹل قرضوں پر شرحِ منافع میں نمایاں کمی کردی ہے، جس کے بعد 10 ہزار روپے کے قرض پر یومیہ لاگت 24 روپے 66 پیسے مقرر ہوگی۔

Gas Leakage Web ad 2

ایس ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ نئے سرکلر کے مطابق ڈیجیٹل قرضوں پر سالانہ شرحِ منافع کی زیادہ سے زیادہ حد 274 فیصد سے کم کرکے 90 فیصد کردی گئی ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں قرض لینے والوں کی لاگت میں تقریباً 67 فیصد کمی آئے گی۔

نئے ضوابط کے تحت قرض فراہم کرنے والی کمپنیوں کو تمام فیسیں، سروس چارجز اور دیگر اخراجات مقررہ لاگت میں شامل کرنا ہوں گے، تاکہ صارفین سے پوشیدہ یا اضافی چارجز وصول نہ کیے جاسکیں۔

ایس ای سی پی نے ڈیجیٹل قرضوں کی زیادہ سے زیادہ حد 50 ہزار روپے مقرر کی ہے، جبکہ قرض کی واپسی کی مدت 90 دن سے زیادہ نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ اگر کوئی صارف مقررہ مدت سے پہلے قرض واپس کردیتا ہے تو کمپنی صرف اتنے دنوں کے چارجز وصول کرسکے گی جتنے عرصے تک قرض اس کے پاس رہا۔

سرکلر کے مطابق قرض کی واپسی کی مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد ابتدائی تین دنوں کے دوران قرض فراہم کرنے والی کمپنیاں تاخیر کا جرمانہ عائد نہیں کرسکیں گی۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو فوری مالی دباؤ اور اضافی جرمانوں سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔

ایس ای سی پی ڈیجیٹل قرض لینے والے صارفین کا ریکارڈ رکھنے کے لیے ایک ڈیجیٹل ڈیٹا بیس بھی قائم کر رہا ہے، جس کے ذریعے قرض فراہم کرنے والی کمپنیاں نئے قرض کی منظوری سے پہلے درخواست گزار کے پہلے سے موجود قرضوں اور ادائیگی کی صورتحال کا جائزہ لے سکیں گی۔ اس نظام سے ایک ہی صارف کے متعدد قرض لینے اور قرضوں کے بوجھ میں اضافے کی روک تھام میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

کمیشن نے ڈیجیٹل قرض فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 دن کے اندر اپنی موبائل ایپس اور متعلقہ دستاویزات کو نئے ضوابط کے مطابق اپ ڈیٹ کریں۔ ایس ای سی پی کے مطابق ان اقدامات کا بنیادی مقصد ڈیجیٹل قرضوں کے شعبے میں شفافیت بڑھانا، قرض لینے کی لاگت کم کرنا اور صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.