کراچی میں ٹماٹر کی قیمتیں بے قابو، فی کلو 300 روپے تک فروخت
سرکاری نرخ نامے کے باوجود دکاندار من مانے دام وصول کرنے لگے، مہنگائی سے پریشان شہریوں کا انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
کراچی: شہر میں ٹماٹر کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، مختلف بازاروں میں ٹماٹر 300 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس کے باعث عام شہریوں کے لیے روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش خریدنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اچانک اضافے کے باوجود انتظامیہ سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کرانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق درجہ اول ٹماٹر کی قیمت 242 روپے جبکہ درجہ دوم کی قیمت 184 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم شہر کے بیشتر بازاروں میں دکاندار سرکاری نرخوں کے برعکس 300 روپے فی کلو تک وصول کر رہے ہیں۔
شہریوں اور خواتین کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے، جبکہ ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافے نے باورچی خانے کے اخراجات مزید بڑھا دیے ہیں۔ روزمرہ کھانوں میں استعمال ہونے والی اس بنیادی سبزی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب دکانداروں اور سبزی فروشوں کا مؤقف ہے کہ منڈیوں میں ٹماٹر کی سپلائی میں کمی کے باعث انہیں مہنگے داموں خریداری کرنا پڑ رہی ہے، جس کی وجہ سے وہ بھی زیادہ قیمت پر فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔
کراچی کے شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور ٹماٹر سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں



