وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آج پنجاب مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے دور میں داخل ہو رہا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا پتھر کے دور میں ہے۔

ساہیوال میں طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جو لوگ دعویٰ کرتے تھے کہ انہوں نے عوام کو شعور دیا، انہوں نے درحقیقت عوام کی زندگیاں تباہ کردیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کسی نے ختم نہیں کی بلکہ انہوں نے خود اپنی حکومت ختم کی۔
ریٹیلرز کیلئے متعارف کرائی گئی ٹیکس اسکیم ناکامی کی جانب بڑھنے لگی
مریم نواز نے کہا کہ یہ پہلا لانگ مارچ ہے جو اپنی ہی حکومت کے خاتمے پر ختم ہوا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کبھی ایسا دیکھا گیا ہے کہ ایک صوبہ دوسرے صوبے یا وفاق پر حملہ آور ہوجائے؟ ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا لانگ مارچ ہے جو اپنی ہی حکومت کو کھا گیا، اب خیبرپختونخوا کے عوام کو معلوم ہوگا کہ ترقی کسے کہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ خدمت کا جذبہ لے کر گھر سے نکلی ہیں۔ ان کے مطابق نواز شریف نے ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی سے کچھ افسران پنجاب آئے تھے، جنہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام محکموں میں عوام پر توجہ دی جارہی ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ دوسرے صوبوں سے آنے والے افراد پنجاب کی تعریف کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 3 ہزار الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ ان بسوں کا کرایہ آج بھی 20 روپے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی تمام تحصیلوں میں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ پنجاب میں شاید ہی کوئی ایسا منصوبہ ہو جس میں نوجوانوں کو شامل نہ کیا گیا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو فراہم کی جانے والی اسکوٹیز کی ماہانہ قسط 3 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے تاکہ کسی پر مالی بوجھ نہ پڑے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں مصنوعی ذہانت کی لیبارٹریاں قائم کی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پنجاب اے آئی کے دور میں داخل ہو رہا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا پتھر کے دور میں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ جب انہوں نے عہدہ سنبھالا تو انہیں معلوم ہوا کہ صوبے کی 80 فیصد جامعات میں وائس چانسلر تعینات نہیں تھے، تاہم اب ہر یونیورسٹی میں میرٹ کی بنیاد پر وائس چانسلر تعینات کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کے اپنے گھر سے بھی کسی کی سفارش آئے تو وہ اسے قبول نہیں کرتیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں حکومت خود چل کر عوام کے پاس جاتی ہے اور ان کا مشن ہے کہ صوبے کے ہر شہری کو اس کی دہلیز پر سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں ادویات مریضوں کے گھروں کے دروازوں پر پہنچائی جاتی ہیں۔



