روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
قومی اسمبلی، سینیٹ اجلاس: خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی قرارداد منظور، اپوزیشن کا واک آؤٹ
ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور روس کے سکیورٹی اداروں کے درمیان قریبی ادارہ جاتی روابط کے فروغ اور باہمی رابطہ کاری کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے اور مشترکہ مفادات کے امور پر مل کر کام کرنے سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روس کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مشترکہ مفادات کے شعبوں، بالخصوص سکیورٹی کے میدان میں عملی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔
روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور روس کے درمیان سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے، ادارہ جاتی روابط بڑھانے اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر باہمی رابطہ کاری بہتر بنانے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔



