Gas Leakage Web ad 1

5,000 روپے کے جعلی نوٹوں سے کیسے بچا جائے؟

0

پاکستان میں سب سے بڑا کرنسی نوٹ 5,000 روپے مالیت کا ہے اس کے جعلی نوٹوں سے بچنے کے لیے یہ ویڈیو دیکھیں۔

Gas Leakage Web ad 2

ملک میں آئے دن جعلی کرنسی کے حوالے سے خبریں آتی رہتی ہیں۔ ضمیر فروش جعلی کرنسی کے ذریعہ نہ صرف پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچاتے بلکہ عوام کو بھی ان کی محنت کی کمائی سے محروم کرتے ہیں۔

ملک میں اس وقت سب سے بڑا کرنسی نوٹ 5,000 روپے مالیت کا ہے۔ اگر کسی کو یہ جعلی نوٹ مل جائے تو اس کے پیروں تلے زمین نکل سکتی ہے۔

تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے حالیہ ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں پانچ ہزار روپے کے بینک نوٹ کے اصلی ہونے سے متعلق متعدد حفاظتی خصوصیات سے آگاہ کیا ہے، جس کا مقصد جعل سازی کو روکنا اور کرنسی کی مستند شناخت کے بارے میں عوامی آگہی کو بہتر بنانا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق 5,000 روپے کا نوٹ ملک بھر میں قانونی طور پر موجود ہے۔ رقم کے شفاف لین دین میں اصل نوٹ کی پہچان ضروری ہے۔ اسٹیٹ بینک نے عوام کو جعلسازی سے بچانے کے لیے بنائے گئے جدید ترین حفاظتی عناصر کی ایک رینج 5000 کے نوٹ میں شامل کی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جاری ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ 5,000 روپے مالیت والے کرنسی نوٹ میں اہم حفاظتی عناصر بتائے گئے ہیں۔ یہ نوٹ مخصوص کاغذ پر طبع کیا ہے جس کو چھونے پر منفرد احساس ہوتا ہے۔

واٹر مارک:
نوٹ کے سامنے کی طرف قائداعظم کی تصویر والا واٹر مارک شامل ہے، تصویر کے نیچے نوٹ کی مالیت کا ایک الیکٹرو ٹائپ واٹر مارک بھی موجود ہے۔

حفاظتی دھاگا:
آر پار دیکھنے سے عمودی پٹی کی طرح نظر آتا ہے، اس چمکدار پٹی پر نوٹ کی مالیت 5000 بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

آر پار دیکھنے پر نظر آنے والا ہندسہ:
اوپر کی جانب نوٹ کی مالیت ٹکڑوں میں نظر آتی ہے لیکن روشنی میں دیکھنے سے پوری مالیت واضح ہوتی ہے۔

رنگ بدلتا جھنڈا:
5000 نوٹ کے سامنے کی طرف دائیں جانب آپٹیکل اور ویری ایبل انک سے رنگ بدلتا جھنڈا ابھری ہوئی چھپائی میں طبع ہے اور جھنڈا مختلف زاویوں سے دیکھنے پر رنگ بدلتا نظر آتا ہے۔

ابھرے ہوئے نشانات:
نوٹ کے بائیں جانب تین دائرے ابھرے ہوئے ہیں، جو بینائی سے محروم افراد کو نوٹ کی مالیت چھو کر جاننے میں مدد کرتے ہیں۔

پوشیدہ ہندسہ:
قائداعظم کی تصویر کے دائیں جانب نوٹ کی مالیت 5000 کا ہندسہ پوشیدہ ہے جو نوٹ کو مختلف زاویوں سےدیکھنے پر نمایاں ہوتا ہے۔

ابھری ہوئی چھپائی:
مخصوص چھپائی کے تحت قائد اعظم کی شیروانی، دائیں جانب پانچ ہزار کا ہندسہ، دائیں اور بائیں کناروں پر ابھری ہوئی لکیریں موجود ہیں جب کہ ان ہی کناروں کی پچھلی سطح بالکل ہموار ہے۔

الٹرا وائلٹ لائن:
جب 5000 کے نوٹ کو الٹرا وائلٹ روشنی میں دیکھا جاتا ہے تو حفاظتی دھاگے میں نیلی اور پیلی چمکدار پٹیاں نظر آتی ہیں اور قائد کی تصویر کے بائیں طرف پس منظر میں خوبصورت ڈیزائن اور نوٹ کے مختلف حصوں پر لیمن گرین فائبر کی چھوٹی چمکدار لکیریں نمایاں ہوتی ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکام جعلی کرنسی سے بچنے اور محفوظ مالی لین دین کو یقینی بنانے کے لیے عوام کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ خود کو ان خصوصیات سے واقف کرائیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.