پاکستانتازہ ترین

ارشد شریف کی میت پوسٹمارٹم کے لیے پمز ہسپتال منتقل

اسلام آباد:(ویب رپورٹر /مزمل ملک), صحافی ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم پمز اسپتال میں کیا جائے گا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق پمز کے ڈاکٹرز کی ٹیم ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم کرے گی۔اسپتال ذرائع نےبتایا ہے کہ ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے گا، تاہم تحریری درخواست آنے کے بعد یہ میڈیکل ٹیم تشکیل دی جائے گی۔

ارشد شریف کا جسدِ خاکی پمز منتقل کرنے سے قبل مقتول کے اہلِ خانہ بھی قائدِ اعظم اسپتال پہنچے۔

واضح رہے کہ سینئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کو 23 اکتوبر کو کینیا میں قتل کیا گیا۔واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی اہلیہ جویریہ صدیق کا کہنا تھا کہ پولیس کے مطابق ارشد شریف کو کینیا میں گولی ماری گئی۔ارشد شریف کچھ روز پہلے دبئی سے لندن گئے تھے  پھر کینیا چلے گئے تھے۔

کینیا پولیس کی ابتدائی رپورٹ 

پاکستانی سینئر صحافی و ٹی وی اینکر ارشد شریف کے پولیس کی فائرنگ سے قتل پر کینیا پولیس کی ابتدائی رپورٹ سامنے آئی تھی۔

کینیا پولیس کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ارشد شریف کی گاڑی ان کا رشتے دار چلا رہا تھا، مگادی ہائی وے پر پولیس نے چھوٹے پتھر رکھ کر روڈبلاک کیا تھا۔کینیا پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ارشد شریف کی کار روڈ بلاک ہونے کے باوجود نہیں رکی، پولیس آفیسرز نے کار نہ رکنے پر فائرنگ کی۔

کینیا پولیس کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ کار پر 9 گولیاں فائر کی گئیں، جن میں سے ایک ارشد شریف کے سر میں لگی۔

اہلِ خانہ کے مطالبے پر مقتول کا پوسٹمارٹم آج ہوگا

کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق سینئر صحافی و اینکر ارشد شریف کے اہلِ خانہ کے مطالبے پر مقتول کا پاکستان میں بھی پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا۔ارشد شریف کے اہلِ خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی پولیس اور انتظامیہ پوسٹ مارٹم کے انتظامات کرائے، اس سلسلے میں ڈاکٹرز کی 3 رکنی ٹیم تشکیل دی جائے۔

ارشد شریف کی والدہ نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے دوران سینئر سرجن بھی موجود ہوں۔

 

 

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button