وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی تاریخی جنگ بندی اور اس میں پاکستان کے کلیدی کردار پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران کابینہ نے متفقہ طور پر آنے والے جمعہ کو ملک بھر میں یومِ تشکر منانے کا فیصلہ کیا اور اس بڑی سفارتی کامیابی پر وزیرِ اعظم کو مبارکباد پیش کی۔
پاکستان دنیاکی بہت بڑی جنگ رکوانے میں کامیاب ہوا، مودی فارغ ہوگیا اس کے پلےکچھ نہیں رہا: خواجہ آصف
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی کہ یومِ تشکر کے موقع پر مذاکرات کی کامیابی اور خطے میں دیرپا امن کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ انہوں نے اس مشن میں عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا، جس پر کابینہ ارکان نے ڈیسک بجا کر خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کا وقار بلند کیا ہے اور یہ کامیابی پوری قوم کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے، جس کے باعث پاکستان کو امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا۔
وزیرِ اعظم نے آصف علی زرداری، اسحاق ڈار اور بلاول بھٹو زرداری کی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ فریقین کی مشترکہ جدوجہد سے یہ اہم پیش رفت ممکن ہوئی۔
اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس عارضی جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل کرنے کے لیے تمام تر کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مقصد خطے اور دنیا کو کشیدگی سے نکال کر امن کی راہ پر گامزن کرنا ہے، اور ملک عالمی سطح پر امن کے قیام میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے جو عالمی بحرانوں کے حل میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔