سال 2024ء کے اہم انتخابات جو عالمی منظرنامہ تشکیل دیں گے
یہ سال جمہوریت کے لیے اہم ترین ثابت ہوگا۔ یہ انسانی تاریخ کا اہم سنگِ میل ہوگا کہ جہاں 4 ارب سے زائد لوگ یعنی دنیا کی نصف آبادی حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ دنیا کے 40 ممالک میں رواں سال انتخابات کا انعقاد ہوگا۔
امریکا، بھارت، انڈونیشیا، روس، برطانیہ، پاکستان، بنگلہ دیش، تائیوان، میکسیکو اور جنوبی افریقہ سمیت دیگر ممالک میں قومی انتخابات ہوں گے۔ یورپی یونین میں بھی انتخابات ہوں گے۔ انتخابات میں جانے والی اقوام اور افراد کا تنوع غیرمعمولی ہے۔
جدید دنیا میں اتنی بڑی تعداد میں ممالک کو انتخابی عمل سے گزرتا دیکھنا بظاہر جمہوریت کی فتح کے لیے پرکشش لگ رہا ہے۔ لیکن اگر غور کریں تو جمہوریت کو بہت سے محاذوں پر خطرات کا سامنا ہے۔
اگرچہ یہ چیلنجز مختلف دائرہ کار میں مختلف شکل اختیار کرلیتے ہیں لیکن اس سے کچھ پیٹرن سامنے آتے ہیں۔ سال 2024ء جمہوریت کے لیے ایک اہم سال ثابت ہونے والا ہے لیکن اس کے مستقبل کے بارے میں کچھ محتاط اندازے لگائے جارہے ہیں۔