گلگت(سٹاف رپورٹر)عالمی یوم مزدور کے موقع پر صوبائی سیکریٹری مواصلات و تعمیرات عامہ سبطین احمد نے کہا ہے کہ معاشرے میں محنت کش طبقے کی عزت وقار اور حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔قومی ترقی اورخوشحالی میں محنت کش طبقے کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے اور اس دن ہم تمام پاکستانی بالخصوص گلگت بلتستان کے مزدوروں اور محنت کشوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو قومی تعمیر میں اپنا قیمتی حصہ ڈالتے ہیں۔
یوم مئی کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں صوبائی سیکریٹری مواصلات و تعمیرات عامہ نے کہا ہے کہ مزدوروں کا عالمی دن محنت کی عظمت اورقومی ترقی میں محنت کش طبقے کی اہمیت اور کلیدی کردار کو اجاگر کرتا ہے۔
انہوں مزید کہا کہ عالمی یوم مزدور ہر سال مزدوروں کی انتھک محنت کی یاد میں منایا جاتا ہے، یہ دن ہمیں ایک موقع دیتا ہے کہ ہم مزدوروں کی ان کاوشوں کو یاد کر سکیں جو انہوں نے اپنے ممالک کی ترقی، خوشحالی اور فلاح کیلئے کی ہیں۔