sui northern 1

حکومت متحرک، مستحکم اور جامع کیپٹل مارکیٹ کے قیام کے لیے پُرعزم ہے، وزیر خزانہ

حکومت متحرک، مستحکم اور جامع کیپٹل مارکیٹ کے قیام کے لیے پُرعزم ہے، وزیر خزانہ

0
Social Wallet protection 2

اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ایک متحرک، مستحکم اور جامع کیپٹل مارکیٹ کے قیام کے لیے پُرعزم ہے جو معاشی توسیع، سرمایہ کاروں کی شمولیت میں اضافے اور جاری اسٹرکچرل اصلاحات کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ فنانس ڈویژن میں کیپٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کو مضبوط بنانے سے متعلق روڈ میپ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں ایس ای سی پی، اسٹیٹ بینک، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن، پاکستان اسٹاک ایکسچینج، سی ڈی سی، این سی سی پی ایل، پاکستان بزنس کونسل اور وزارت خزانہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

sui northern 2

اجلاس میں کونسل کے ٹرمز آف ریفرنس اور مجموعی حکمت عملی پر غور کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ عالمی بہترین عملی نمونوں کو اپناتے ہوئے مارکیٹ کی وسعت، گہرائی اور تنوع بڑھانے کی طرف منظم پیش رفت ضروری ہے۔ شرکاء نے چار اہم شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جن میں ریٹیل اور انسٹی ٹیوشنل سرمایہ کاروں کی شمولیت میں اضافہ، سرمایہ کاروں کی ضروریات کے مطابق متنوع سرمایہ کاری مصنوعات کی تیاری، مارکیٹ انٹرمیڈریز کے لیے سہولت کاری، اور سرمایہ کاروں و اجراء کنندگان کے لیے مراعات شامل تھیں۔

کراس بارڈر لسٹنگز، علاقائی تعاون اور مارکیٹ انضمام کے امکانات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں ٹیکنالوجی کے مطابق ڈھلاؤ، جدید ریگولیٹری ڈھانچے کی ضرورت اور کمپنیوں کے لیے قرض اور ایکویٹی کے ذریعے سرمایہ اکٹھا کرنے کی ترغیبات پر گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے اتفاق کیا کہ زیادہ لیکویڈیٹی، فعال ٹریڈنگ اور شفاف قیمتوں کا نظام معاشی نمو میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

پاکستانیوں کو امارات کے ویزے نہ ملنے سے متعلق حکومت کی وضاحت سامنے آگئی

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت مضبوط اور فعال کیپٹل مارکیٹس کے قیام کے لیے سنجیدہ ہے تاکہ کاروباری ادارے آسانی سے سرمایہ حاصل کر سکیں اور سرمایہ کاروں کو محفوظ اور پُرکشش مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جاری اسٹرکچرل اصلاحات نے مارکیٹ کی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور نجی شعبے کو چاہیے کہ قرضہ جاتی مارکیٹ کا مؤثر استعمال کرے۔

اجلاس میں ریگولیٹری، ٹیکسیشن اور مراعاتی فریم ورک کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کیپٹل مارکیٹ سے متعلق ٹیکس پالیسی، ٹیکس مراعات، وسیع تر لسٹنگز کے فروغ اور شفافیت بڑھانے کے لیے تجاویز مرتب کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس پالیسی ایسی ہو جو شفاف اور اصولوں کے مطابق کام کرنے والی کمپنیوں کو فائدہ پہنچائے، نہ کہ ان پر اضافی بوجھ ڈالے۔

وزیر خزانہ نے یہ بھی ہدایت کی کہ حکومت کے حال ہی میں اعلان کردہ تین سطحی ڈیجیٹائزیشن پروگرام کو کیپٹل مارکیٹ کے ترقیاتی روڈمیپ کے ساتھ منسلک کیا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ترجیحی شعبوں میں ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے جو دو ہفتوں میں کلیدی کارکردگی اشاریے اور عملی منصوبے تیار کریں گے۔ کونسل ہر سہ ماہی میں پیش رفت کا جائزہ لے گی اور اجلاس کم از کم ہر تین ماہ میں ایک بار منعقد ہوگا۔

یہ اقدامات ایک جدید، متحرک اور اعلیٰ لیکویڈیٹی کے حامل کیپٹل مارکیٹ ایکو سسٹم کی تشکیل کے لیے کیے جارہے ہیں جو قومی بچتوں کو مؤثر انداز میں پیداواری سرمایہ کاری کی جانب منتقل کرے، معاشی نمو کو سہارا دے اور مالیاتی استحکام کو مضبوط بنائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.