صوبے کو ملنے والی ٹیکس میں چھوٹ تمام اضلاع تک مساوی طور پر پہنچنی چاہئے, وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان
گلگت بلتستان کے تاجروں کیلئے برآمداتی طریقہ کار کی تیاری، وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت خصوصی کمیٹی کا اجلاس
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے تاجروں کو کسٹم میں ملنے والی خصوصی رعایت کے تحت برآمد ات کے طریقہ کار کو وضع کرنے کے حوالے سے بنائی جانے والی خصوصی کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ترجیح اور کوشش ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکس میں ملنے والی چھوٹ کا فائدہ گلگت بلتستان کے عوام کو پہنچے اور اس خصوصی رعایت سے عام عوام مستفید ہو۔ گلگت بلتستان کو ملنے والے ٹیکس کی چھوٹ میں تمام اضلاع کو کوٹہ ملنا چاہئے تاکہ پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں بھی اس سہولت کے فوائد پہنچائے جاسکے۔ اجلاس میں صوبائی سیکریٹری صنعت و تجارت کی جانب سے اشیاء کی برآمدگی کے حوالے سے طریقہ کار وضع کرنے پر بریفنگ دی گئی اور تاجروں کی جانب سے چیمبر آف کامرس نے بھی اپنے تجاویز پر مشتمل بریفنگ دی جس پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے صوبائی سیکریٹری صنعت و تجارت کو ہدایت کی کہ ممبر گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ کی موجودگی میں چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں کی جانب سے دیئے جانے والی بریفنگ اور محکمہ صنعت و تجارت کی جانب سے تیار کی جانے والی تجاویز کو یکجا کرکے برآمدات کیلئے قابل عمل تجاویز کو آئندہ دو دنوں میں حتمی شکل دیں تاکہ آئندہ کابینہ اجلاس میں صوبے کو ملنے والے ٹیکس چھوٹ کے تحت برآمدات کے طریقہ کار کی باقاعدہ منظوری دی جاسکے۔ اس موقع پر چیمبر آف کامرس کی جانب سے گلگت بلتستان کو پاک چین تجارت میں ملنے والی خصوصی ٹیکس میں رعایت ملنے پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس انداز میں وفاقی حکومت کے سامنے گلگت بلتستان کے عوام اور یہاں کے تاجروں کا موقف بیان کیا اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ کی دوراندیشی اورقائدانہ صلاحیتوں کی جانب سے گلگت بلتستان کے تاجروں اور عوام کا ٹیکس چھوٹ کا مطالبہ وفاقی حکومت نے تسلیم کیا جس پر یہاں کے عوام اور تاجر برادری وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔