ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تہران کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا ہے کہ کویت پر ڈرون حملے میں ایران کا کوئی کردار نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران اس واقعے کے محرکات سامنے لانے اور اس کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کے لیے کویت اور اٹلی کی حکومتوں کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب اٹلی نے تصدیق کی ہے کہ کویت میں ڈرون حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے اس کے دو شہری فضائی دفاعی نظام پر کام کر رہے تھے۔
ایران کیخلاف جنگ میں فتح کے قریب، تہران کو موقع دے رہے ہیں: ٹرمپ
اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تایانی نے سینیٹ کو بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً دوپہر دو بجے متعدد ایرانی ڈرونز نے کویت میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں فضائی دفاعی نظام کے ریڈار کا ایک مرکز بھی شامل تھا۔
انہوں نے بتایا کہ حملے کا نشانہ بننے والی اس تنصیب پر اطالوی اسلحہ ساز کمپنی رئنمیٹل کے دو اطالوی ماہرین کام کر رہے تھے، جو ڈرون حملے کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے۔
اس سے قبل کویت نے اعلان کیا تھا کہ اس کی مسلح افواج نے متعدد حملہ آور ڈرونز کو فضا ہی میں تباہ کردیا، تاہم ایرانی حملے کے دوران ایک اہم تنصیب کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
کویتی وزارتِ دفاع کے مطابق ڈرونز کو روکنے کے لیے کی جانے والی کارروائی کے دوران ایک کویتی شہری، دو اطالوی باشندوں اور ایک پاکستانی سمیت مجموعی طور پر چار افراد ڈرون کے ملبے یا شیل کے ٹکڑوں کی زد میں آکر زخمی ہوئے تھے۔


