وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے نام پر سیاست کرنے والے لوگ یہاں سے کامیاب ہوکر اپنے محلات میں جا بیٹھتے ہیں، ان کا مقصد علاقے کی محرومیاں ختم کرنا نہیں بلکہ اپنی سیاسی دکان چمکانا تھا۔

ملتان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر یہ لوگ جنوبی پنجاب کی محرومیاں ختم کردیتے تو ان کی سیاسی دکان بھی بند ہوجاتی۔ مسلم لیگ (ن) نے ان کی یہ دکان بند کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے نعرے لگانے والے صرف گناہ گار نہیں بلکہ عوام کے مجرم ہیں۔ ہمارے لیے پورا پنجاب یکساں اہمیت رکھتا ہے اور صوبے کے تمام علاقوں میں سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
5 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے آسان قرضہ، نوجوانوں کو ڈھائی کروڑ تک لون ملے گا
مریم نواز نے بتایا کہ اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت اب تک ڈھائی لاکھ گھر تعمیر ہوچکے ہیں، جبکہ آئندہ پانچ سال میں 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب لوگ جتنا کرایہ ادا کرتے تھے، اس سے بھی کم ماہانہ قسط پر اپنے گھر کے مالک بن رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر دنیا کا سب سے سستا اور تیز ترین منصوبہ ہے اور اس کی کامیابی کا دنیا بھر میں اعتراف کیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ دنیا کے ریکارڈ توڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب وعدے کرنے کا دور گزر چکا ہے اور وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کا وقت آگیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جن افراد کے پاس اپنا گھر نہیں ہے وہ اس اسکیم کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، انہیں گھر کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے تک بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ قرضوں کی واپسی کی شرح 97.6 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جبکہ نئے گھروں کی تعمیر کے لیے 312 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔


