وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا احتجاج کوئی غیر معمولی بات نہیں اور معمولی نوعیت کے ٹریفک جام ہوتے رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی اپنی جماعت کے رہنما اور کارکن بھی انہیں سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم وہ تصادم کی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں یا افغانستان اور طالبان کے ساتھ۔ ان کے بقول مولانا فضل الرحمان ایک عسکری جماعت کی طرح برتاؤ کر رہے ہیں، انہیں چاہیے کہ ایک قدم پیچھے ہٹ کر معاملات کے حل کے لیے راستے نکالیں۔
مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہونیوالے واقعے پر پنجاب حکومت سے رابطہ کروں گا: گورنر کے پی
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اگر راستے بند نہ کیے جائیں تو صورتحال بہتر ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات مناسب نہیں لگتی کہ ماضی میں پرویز مشرف کا ایل ایف او منظور کرانے والے مولانا فضل الرحمان آج ایک جمہوری حکومت کے ریفرنڈم کو غلط قرار دے رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بلاول ان دنوں زیادہ غصے کا اظہار کر رہے ہیں اور انہیں ریفرنڈم کے حوالے سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ ان کا سوال تھا کہ عوامی رائے سے اتنا خوف کیوں محسوس کیا جا رہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں تو انہیں عدالت میں اس حوالے سے قانونی دلائل پیش کرنے چاہئیں۔ عطا تارڑ کے مطابق بلاول سیاسی دلیل کی جگہ قانونی اور قانونی دلیل کی جگہ سیاسی مؤقف پیش کر رہے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ حکومت کے اختلافات موجود ہیں، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ دونوں جماعتوں کے درمیان تعلقات ختم ہوچکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر صوبوں سے متعلق معاملہ پارلیمان میں زیر بحث آیا تو پاکستان تحریک انصاف سے بھی اس حوالے سے رائے لی جاسکتی ہے۔


