مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیر اعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت معاشی طور پر کمزور طبقے کو جلد ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
مذاکرات سے متعلق ایرانی وزیرخارجہ کی وضاحت پر اسحاق ڈار کا خیرمقدم
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ اور علی پرویز ملک نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور حکومت کی جانب سے عوامی ریلیف کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے لیے ریلیف کی رقم کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور یہ رقم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر اور شفاف نظام کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ کی بسوں کو سبسڈی کی ڈیجیٹل منتقلی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ کے ٹرکوں اور دیگر مال بردار گاڑیوں کو بھی سبسڈی کی منتقلی ڈیجیٹل طور پر فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومتی کفایت شعاری اور سادگی کے اقدامات سے بچائی گئی رقم عوام پر خرچ کی جائے گی تاکہ معاشی طور پر کمزور طبقے کو ریلیف جلد سے جلد پہنچایا جا سکے۔
اجلاس میں عوامی ریلیف کے اقدامات کے نفاذ پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔