خواتین سائنس و ٹیکنالوجی کے ذریعے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، صدر مملکت
خواتین سائنس و ٹیکنالوجی کے ذریعے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، صدر مملکت
آصف علی زرداری نے کہا کہ خواتین سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھا کر قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں اور انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان خواتین کو تعلیم اور سائنسی قیادت میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے CEDAW کے تحت اپنے وعدوں پر قائم ہے۔
عافیہ صدیقی کیس: آئینی عدالت نے ہائیکورٹ کو وفاقی حکومت کیخلاف کارروائی سے روک دیا
صدر زرداری نے کہا کہ ملک کے جامعات میں خواتین طلبا کا تناسب 50 فیصد سے تجاوز کر جانا ایک خوش آئند امر ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین تعلیم اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین انجینئرنگ، میڈیکل، کمپیوٹنگ اور بایوٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تحقیق کی قیادت کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ COMSTECH کے پلیٹ فارم کے تحت مسلم دنیا میں سائنسی تعاون کو فروغ دینے میں خواتین کا مؤثر کردار قابل ستائش ہے۔ صدر مملکت نے نرگس ماولوالا، تسنیم زہرا حسین اور مہیرہ عبدالغنی جیسی ممتاز سائنسدانوں کا خصوصی ذکر کیا اور کہا کہ پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔
صدر زرداری نے مزید کہا کہ خواتین کی سائنسی پیش رفت سے صحت، ماحولیات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں بہتری ممکن ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین پاکستان کے سائنسی مستقبل کو مزید مضبوط اور روشن بنانے میں اپنا مؤثر کردار جاری رکھیں گی۔