ماہرین صحت کے مطابق سردیوں میں جلد پر ہونے والی خارش ایک عام مسئلہ ہے جس کی بنیادی وجہ جلد کی خشکی ہے۔ پیٹرولیم جیلی جلد پر حفاظتی تہہ بناتی ہے جو نمی کو برقرار رکھنے اور جلد کو مزید خشک ہونے سے بچانے میں مدد دیتی ہے۔

جلد کی بیرونی تہہ میں قدرتی چکنائی اور مردہ خلیات موجود ہوتے ہیں جو پانی کو جلد میں برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں، تاہم سرد موسم، کم نمی اور تیز ہوائیں اس قدرتی حفاظتی تہہ کو کمزور کر سکتی ہیں جس سے جلد خشک اور پھٹنے لگتی ہے۔
اس کیفیت کی عام علامات میں جلد کی سرخی، سوجن، خارش، جلد کا چھلکے دار ہونا، حساسیت، ابھرے ہوئے دانے اور چھالے شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق جن افراد کو پہلے سے ایگزیما، ڈرماٹائٹس، چنبل، روزیشیا، الرجی یا دمے کی شکایت ہو، ان میں سردیوں میں جلدی خارش پیدا ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ حساس جلد والے افراد بھی اس مسئلے سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق جلد کو خشک ہونے سے بچانے کے لیے موئسچرائزر استعمال کرنا بنیادی حفاظتی تدبیر ہے کیونکہ یہ جلد میں نمی برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ پیٹرولیم جیلی بھی حفاظتی تہہ بنا کر جلد سے نمی کے اخراج کو روکتی ہے۔
دلیا ملے صابن اور اس سے تیار کردہ غسل بھی متاثرہ جلد کو سکون پہنچانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ جلد کی خارش اور سوزش کم کرنے کے لیے ہائیڈروکارٹیزون کریم بھی استعمال کی جا سکتی ہے جو نسخے کے بغیر یا ڈاکٹر کے نسخے پر دستیاب ہوتی ہے۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ جلد کی نگہداشت کے لیے کوئی نئی مصنوعات استعمال کرنے سے پہلے جلد کے ایک چھوٹے حصے پر آزما کر ممکنہ ردعمل کا جائزہ لینا چاہیے۔
جلد کو کھجانے سے بھی گریز کرنا چاہیے کیونکہ اس سے جلد پھٹ سکتی ہے، خون نکل سکتا ہے اور انفیکشن کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
سردیوں میں جلدی خارش سے بچنے کا بہترین طریقہ سرد درجہ حرارت اور خشک ہوا میں زیادہ دیر رہنے سے گریز کرنا اور جلد کو مسلسل نمی فراہم کرنا ہے۔
سکن کینسر فاؤنڈیشن کے مطابق برف سورج کی بالائے بنفشی شعاعوں کا 80 فیصد تک منعکس کر سکتی ہے جس سے جلد پر ان شعاعوں کے اثرات بڑھ سکتے ہیں۔


