اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم، رجسٹرار سپریم کورٹ، رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ، سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب راجہ جہانگیر انور، چیف آرکیٹیکٹ احمد مدثر اور جنرل منیجر ایس پی یو مظہر منصور نے شرکت کی۔ ملک گیر ڈیزائن مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والے آرکیٹیکٹ رضا زاہد بھی اجلاس میں شریک تھے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ملک بھر میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کا قیام 2026-27 کے لیے لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ان مراکز میں خواتین کو ون ونڈو نظام کے تحت عدالتی معلومات، قانونی رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے گی۔
پاکستان کا نئی پالیسی کے تحت ایل پی جی سیکٹر کو آگے بڑھانے کا فیصلہ
اجلاس کو بتایا گیا کہ فیملی کورٹس کے ساتھ ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز قائم کرنے سے خواتین کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔ مجوزہ مراکز میں استقبالیہ، رہنمائی ڈیسک، مخصوص انتظار گاہیں، صاف ستھرے واش رومز اور علیحدہ مشاورتی کمرے قائم کیے جائیں گے۔
ان مراکز میں ثالثی کے لیے خصوصی کمرے، بچوں کی دیکھ بھال کے لیے ڈے کیئر سینٹرز اور خواتین کو قانونی مشورے، قانونی معاونت سمیت نفسیاتی و سماجی مدد فراہم کرنے کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔ اس کے علاوہ متبادل حلِ تنازعات اور ضرورت کے مطابق متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنے میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔
معذوری کی حامل خواتین کی سہولت کے لیے آسان داخلی راستے، ریمپس اور واضح رہنما علامات فراہم کی جائیں گی، جبکہ خاندانی مقدمات میں بچوں سے ملاقات کے لیے بھی مناسب جگہ مختص کی جائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے ڈیزائن کی تیاری کے لیے انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان کے زیر اہتمام ملک گیر مقابلہ منعقد کیا گیا تھا، جس میں کامیاب قرار پانے والے تین بہترین ڈیزائنز تمام ہائی کورٹس کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس کے دوران فیصل آباد اور میانوالی میں مجوزہ مراکز کے ڈیزائنز کو مقامی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مراکز کے ڈیزائن میں خواتین کی رازداری، آسان رسائی اور ضروری سہولیات کی فراہمی کو خصوصی اہمیت دینے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ، لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان اور محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام کا بنیادی مقصد خواتین کے لیے انصاف تک رسائی کو مزید آسان، محفوظ اور باوقار بنانا ہے۔


