پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹس کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کو مالی معاونت فراہم کرنا اور انہیں کھیل پر مکمل توجہ مرکوز رکھنے کے مواقع دینا ہے۔ ان کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹس کی تشکیل کے دوران کھلاڑیوں کی گزشتہ کارکردگی اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ پی سی بی گزشتہ دو برس سے سینٹرل کنٹریکٹس کے روایتی نظام میں تبدیلی لانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ نئی کنٹریکٹ کیٹیگریز کرکٹ کے مختلف فارمیٹس کی بنیاد پر تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سینٹرل کنٹریکٹس میں مزید دو کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی گنجائش بھی موجود ہے۔
ٹرمپ کا انتخابی مہم میں سخت مخالفت کے بعد نومنتخب مسلمان سینیٹر عبدل السید سے ملاقات کا اعلان
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو اگلی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سائیکل کے لیے تیار کیا جا رہا ہے، جس کا ہدف قومی ٹیم کو دنیا کی تین سے چار بہترین ٹیسٹ ٹیموں میں شامل کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود کرکٹ ٹیلنٹ کو دیکھتے ہوئے ٹیسٹ رینکنگ میں نویں پوزیشن ملک کے شایانِ شان نہیں ہے۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی نے بتایا کہ ٹیسٹ اور ون ڈے کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے کم از کم چار فرسٹ کلاس میچز کھیلنا لازمی ہوگا، جبکہ ٹیسٹ اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کی میچ فیس اور دیگر مالی مراعات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
عاقب جاوید کے مطابق فرسٹ کلاس کرکٹ کھلاڑیوں کو اپنی تکنیک بہتر بنانے اور کھیل میں نکھار پیدا کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ حارث رؤف کو بھی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے سے کافی فائدہ پہنچا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹی 20 اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ کے علاوہ تین دیگر بین الاقوامی لیگز میں شرکت کی اجازت بھی دی جائے گی۔
سینٹرل کنٹریکٹس کے معیار پر بات کرتے ہوئے عاقب جاوید نے واضح کیا کہ کنٹریکٹ کے حصول کے لیے فٹنس بنیادی اور اولین شرط ہوگی، جبکہ کھلاڑیوں کی فٹنس، ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت اور میدان میں مؤثر کارکردگی کو بھی سینٹرل کنٹریکٹس کے لیے بنیادی معیار قرار دیا گیا ہے۔


