دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ صوبے کے دیگر 25 اضلاع کے لیے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

12 مخصوص اضلاع میں مجموعی طور پر 430 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا، جن میں 7 خصوصی منصوبوں پر 19 ارب 27 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، جبکہ 423 دیگر منصوبوں کے لیے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ ان اضلاع میں 100 روزہ اور 180 روزہ ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔
مصنوعی ذہانت کی مدد سے 167 سال پرانا ریاضی کا مسئلہ حل کرنے کا دعویٰ
ترقیاتی پیکج کے تحت امن و امان سے متعلق 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
دستاویزات کے مطابق صحت کے شعبے میں 41 منصوبوں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ مخصوص اضلاع میں تعلیم کے 72 منصوبوں پر 12 ارب 90 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 دانش اسکول قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 70 اسکولوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن کی جائے گی، جبکہ 409 اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔
مخصوص اضلاع میں سڑکوں کی بہتری کے 32 منصوبوں کے لیے 12 ارب 70 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ترقیاتی پیکج میں ٹل پاراچنار روڈ اور گومل زام ڈیم کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
اسی طرح 88 مقامات پر پانی کی فراہمی کی اسکیموں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو پانی کی فراہمی میں سہولت فراہم کی جا سکے۔ زرعی شعبے میں بھی خصوصی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، جن کے تحت 100 طلبہ کو چین میں زرعی تعلیم کے حصول کے لیے اسکالرشپس دی جائیں گی۔
دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے دیگر 25 اضلاع میں بھی مجموعی طور پر 219 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔



