Gas Leakage Web ad 1

گلگت بلتستان کو ہیپاٹائٹس سی سے پاک کرنے کا عزم، تمام اضلاع میں مفت اسکریننگ اور علاج کی سہولیات فراہم

وزیر اعلیٰ امجد حسین کا وژن عوام کی صحت مند زندگی کی ضمانت ہے، شہری بلا تاخیر مفت ٹیسٹنگ کروائیں، صوبائی وزیر اطلاعات سید جلال علی شاہ

0

گلگت: صوبائی وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی سید جلال علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کا وژن ’’ہیپاٹائٹس سی سے پاک گلگت بلتستان‘‘ صوبے کے عوام کو صحت مند اور محفوظ مستقبل فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس وژن کے تحت صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے تعاون سے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں ہیپاٹائٹس سی کی مفت اسکریننگ اور علاج کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

اپنے بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد صوبے کے دور دراز علاقوں سمیت تمام شہریوں کو بنیادی اور جدید طبی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔ مہم کے تحت شہریوں کی مفت ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے جبکہ مرض کی تشخیص ہونے کی صورت میں مریضوں کو معیاری علاج اور ادویات بھی مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔

سید جلال علی شاہ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے خود بھی ہیپاٹائٹس سی کا اسکریننگ ٹیسٹ کروا کر عوام کے لیے ایک مثبت مثال قائم کی ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام اس عزم کا اظہار ہے کہ صوبائی حکومت عوام کی صحت کے تحفظ اور موذی امراض کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ اس عوامی صحت مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ علماء کرام اور مذہبی رہنما منبر و محراب کے ذریعے عوام میں اسکریننگ کی اہمیت اور بیماری سے متعلق آگاہی پیدا کریں، جبکہ سول سوسائٹی اور نوجوان فیلڈ ٹیموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے لوگوں کو طبی مراکز تک پہنچنے کی ترغیب دیں۔

انہوں نے عام شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ بلا جھجھک اور تاخیر کیے بغیر اپنے قریبی سرکاری طبی مراکز میں جا کر اپنا اور اپنے اہل خانہ کا ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ ٹیسٹ کروائیں۔

بیان کے اختتام پر صوبائی وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے بروقت تشخیص بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں بیماری کی نشاندہی ہونے سے مؤثر اور مفت علاج کے ذریعے صحت یابی ممکن ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عوام کے بھرپور تعاون سے ان شاء اللہ گلگت بلتستان کو ہیپاٹائٹس سی سے پاک کرنے کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.