Gas Leakage Web ad 1

اداروں کی کارکردگی جانچنے کےلیے نظام تشکیل پاچکا، اہداف میں تاخیر برداشت نہیں کی جائےگی، وزیراعظم

0

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پی ایم او ایس (PMOS) کے تحت وزارتِ قومی غذائی تحفظ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

Gas Leakage Web ad 2

اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پی ایم او ایس کی صورت میں وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک انتہائی مؤثر نظام تشکیل دیا جا چکا ہے۔
شی جن پنگ، ٹرمپ اور پیوٹن کی تاریخی ملاقات، چینی صدر کا جوہری ہتھیاروں کو ختم کرنے اور مکمل پابندی لگانے پر زور
انہوں نے واضح کیا کہ اس نظام کے تحت مقرر کیے گئے اہداف کے حصول اور طے شدہ ٹائم لائنز کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے پی ایم او ایس کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی رابطوں کو فروغ دینے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور زرعی شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے جدید تحقیق بنیادی اور کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت زراعت کے شعبے میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن سرپرستی اور بھرپور مالی معاونت فراہم کرے گی، تاکہ جدید طریقوں اور ٹیکنالوجی کے ذریعے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاری کے اخراجات میں کمی اور فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافے کے لیے جدید زرعی مشینری کا استعمال ناگزیر ہے، جبکہ کاشتکاروں کو یہ مشینری آسانی سے فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس کے دوران پی ایم او ایس (PMOS) کے تحت وزارتِ قومی غذائی تحفظ کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ملک میں زرعی اجناس کی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک بھر کے کسانوں کی رجسٹریشن کے لیے میرا کسان ڈیجیٹل ایپلی کیشن کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے، جبکہ حکومتی سطح پر زرعی شعبے میں ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل بھی جاری ہے۔ اس سلسلے میں نیشنل ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیکیورٹی ایڈوائزری کونسل تشکیل دی گئی ہے، جس کے سیکریٹریٹ نے بھی باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے۔

اجلاس کو پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کی تشکیلِ نو کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ کسانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے باعث ہونے والے نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے فصلوں کی انشورنس کوریج ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لیے زرعی انشورنس کے نظام کو مزید بہتر بنانے پر کام جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.