سگریٹ نوشی سے پارکنسنز کا خطرہ کم ہونے کا انکشاف، نئی تحقیق میں حیران کن نتائج
ی تحقیق کے مطابق سگریٹ نوشی کرنے والوں میں پارکنسنز بیماری کا خطرہ 30 سے 40 فیصد تک کم دیکھا گیا، تاہم ماہرین نے سگریٹ کو فائدہ مند قرار نہیں دیا۔
سگریٹ نوشی کو انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ قرار دیا جاتا ہے اور یہ ہر سال دنیا بھر میں لاکھوں اموات کا سبب بنتی ہے، تاہم ایک نئی طبی تحقیق میں سگریٹ نوشی اور دماغی بیماری پارکنسنز کے درمیان ایسا تعلق سامنے آیا ہے جس نے سائنسدانوں کو بھی حیران کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مختلف تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سگریٹ نوشی کرنے والے افراد میں پارکنسنز بیماری کا خطرہ دیگر افراد کے مقابلے میں 30 سے 40 فیصد تک کم دیکھا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2020 میں نیورولوجی کے ایک جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے دوران برطانیہ کے تقریباً 30 ہزار ڈاکٹروں کی 65 سال تک نگرانی کی گئی۔ تحقیق میں سگریٹ نوشی کرنے والے ڈاکٹروں میں پارکنسنز کا خطرہ 30 سے 40 فیصد کم پایا گیا۔
اسی طرح 2002 میں جڑواں بچوں پر ہونے والی ایک تحقیق میں بھی سگریٹ نوشی اور اس بیماری کے درمیان تعلق کا مشاہدہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی اور چین کے سائنسدانوں کی 5 لاکھ سے زائد افراد پر مشتمل تحقیق میں بھی کاربن مونو آکسائیڈ اور پارکنسنز کے خطرے میں کمی کے درمیان ممکنہ تعلق سامنے آیا۔
پارکنسنز بیماری کیا ہے؟
پارکنسنز دماغ اور اعصابی نظام کو متاثر کرنے والی ایک بیماری ہے، جس میں مریض کے ہاتھ پاؤں کانپنے لگتے ہیں، چلنے پھرنے کی رفتار سست ہوجاتی ہے اور چہرے کے تاثرات بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔ بیماری بڑھنے کے ساتھ مریض کو روزمرہ کے کاموں میں دوسروں کی مدد کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
سگریٹ نوشی اور پارکنسنز کے درمیان ممکنہ تعلق کیا ہے؟
سائنسدانوں نے اس تعلق کی وضاحت کے لیے چند ممکنہ عوامل کی نشاندہی کی ہے۔
ان میں کاربن مونو آکسائیڈ، نکوٹین اور تمباکو میں موجود بعض کیمیائی اجزا شامل ہیں۔ تحقیق کے مطابق کم مقدار میں کاربن مونو آکسائیڈ دماغ میں سوزش کم کرنے اور ڈوپامین پیدا کرنے والے خلیوں کو محفوظ رکھنے میں ممکنہ کردار ادا کر سکتی ہے۔
اسی طرح نکوٹین کا تعلق دماغ میں ڈوپامین کے نظام سے ہے، جبکہ تمباکو میں موجود بعض اجزا ایم اے او بی (MAO-B) نامی انزائم کی سرگرمی کو متاثر کرسکتے ہیں۔
کیا سگریٹ نوشی صحت کے لیے فائدہ مند ہے؟
ماہرین نے واضح کیا ہے کہ ان تحقیقات کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ سگریٹ نوشی صحت کے لیے فائدہ مند ہے یا لوگوں کو پارکنسنز سے بچنے کے لیے سگریٹ پینا شروع کر دینا چاہیے۔
سگریٹ نوشی کینسر، دل اور پھیپھڑوں کی بیماریوں سمیت متعدد سنگین طبی مسائل کا سبب بنتی ہے۔ اس لیے پارکنسنز کے حوالے سے سامنے آنے والے نتائج کو سگریٹ نوشی کی حمایت یا اسے علاج سمجھنے کی بنیاد نہیں بنایا جاسکتا۔



