طلبہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط اور خدمت کے جذبے کو بھی اپنائیں۔ انہوں نے طلبہ کے ہاتھوں میں قلم، کتاب اور لیپ ٹاپ دیکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

مریم نواز شریف نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ تعمیرِ ملت میں بھرپور کردار ادا کریں، کیونکہ طلبہ مستقبل کے رہنما اور ملک کی ترقی کے مضبوط ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہونہار سکالرشپ پروگرام، لیپ ٹاپ سکیم اور ای بائیکس کے ذریعے طلبہ کو سہولیات فراہم کرے گی۔
ٹرمپ انتظامیہ کا گرین کارڈ پروگرام پر نئی پابندیاں عائدکرنےکا منصوبہ
ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کو نواز شریف سکول آف ایمننس میں مہنگے نجی تعلیمی اداروں سے بہتر تعلیم فراہم کی گئی ہے۔ اعلیٰ تعلیم ہر نوجوان کا بنیادی حق ہے اور حکومت پنجاب طلبہ کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ملکی قیادت اور مستقبل کے حوالے سے درست فیصلے کرنے کے لیے طلبہ کو ہمیشہ ملک کی سیاست اور حالات سے باخبر رہنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آج کے طلبہ کل کے سائنسدان، افسران، چیمپئنز، پالیسی ساز اور عالمی رہنما بنیں گے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ لیپ ٹاپ اور ڈیجیٹل لائبریریوں کو تعلیم اور تحقیق کے لیے استعمال کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ جہاں بھی رہیں، اپنے اندر ہنر، اخلاقی اقدار اور خدمت کے جذبے کو ہمیشہ زندہ رکھیں۔



