اسلام آباد: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک نے امریکا کے ساتھ جنگ ختم کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے تہران کی جانب سے پیش کردہ منصوبے کی حمایت کی ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تہران پاکستان کے ثالثی کردار سے مطمئن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر واشنگٹن ایران کی شرائط تسلیم کرلیتا ہے تو تہران دو روز کے اندر آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے تیار ہے۔
علاقائی اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف کی منظوری، ای سی او اجلاس کا اعلامیہ
دوسری جانب عباس عراقچی نے ای سی او وزارتی کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی روابط کو مضبوط بنانے، خطے میں تجارت کو آسان بنانے اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے سے اجتماعی استحکام کو تقویت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح بیرونی خطرات اور انحصار میں کمی آئے گی اور ایک زیادہ مربوط اور خود کفیل خطے کے قیام کو فروغ حاصل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک جدید، جامع اور مؤثر تجارتی معاہدہ علاقائی تجارت کو وسعت دینے، اقتصادی استحکام مضبوط بنانے اور خطے کے عوام کے لیے فوائد پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔



