پاکستانی فلم انڈسٹری کی سابق اداکارہ لیلیٰ نے اپنی نجی زندگی، ماضی کی محبت اور شادی سے متعلق اہم باتیں شیئر کی ہیں۔

اداکارہ نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں زندگی میں صرف ایک مرتبہ سچی محبت ہوئی تھی اور یہ محبت معروف اداکار احسن خان کے ساتھ تھی۔
لیلیٰ کے مطابق دونوں کے راستے اس وقت جدا ہوگئے تھے جب ان کی عمریں صرف 17 برس تھیں، تاہم وہ آج بھی احسن خان کی شخصیت، مثبت سوچ اور اچھے رویے کی قدر کرتی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ زندگی کے ایک مشکل دور میں انہیں کئی ذاتی صدمات اور نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران بعض قریبی دوستوں نے بھی ان سے رابطہ ختم کرلیا تھا، لیکن احسن خان نے انہیں فون کرکے خیریت دریافت کی اور حوصلہ دیا۔
لیلیٰ کا کہنا تھا کہ جب وہ مشکل حالات سے گزر رہی تھیں اور انہیں اپنوں کی توجہ بھی حاصل نہیں تھی، ایسے وقت میں احسن خان کا فون ان کے لیے بہت اہمیت رکھتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ آج بھی ان کا ذکر احترام اور اچھے الفاظ میں کرتی ہیں۔
شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ زندگی میں پیش آنے والے مسلسل صدمات اور گھریلو ذمہ داریوں کے باعث انہیں شادی کے بارے میں سوچنے کا زیادہ موقع نہیں ملا۔
ان کے مطابق خاندان کی متعدد ذمہ داریاں ان کے کندھوں پر ہیں اور گھر والے ان پر انحصار کرتے ہیں۔ وہ مستقبل میں کسی ایسے شخص کو اپنا شریکِ سفر بنانا چاہیں گی جو ان کے حالات، خاندانی معاملات اور ذمہ داریوں کو سمجھ سکے۔
لیلیٰ نے مزید کہا کہ شادی محض ایک رشتہ نہیں بلکہ ایک دوسرے کے حالات اور ذمہ داریوں کو سمجھنے اور قبول کرنے کا نام ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ احسن خان کے بعد انہیں دوبارہ کبھی ایسی محبت محسوس نہیں ہوئی جیسی پہلی مرتبہ ہوئی تھی۔ ان کے بقول وہی جذبات اور احساسات دوبارہ ان کی زندگی میں نہیں آسکے۔
انہوں نے موجودہ دور کے تعلقات پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب انہیں دنیا کی بہت سی چیزیں مصنوعی اور غیر حقیقی محسوس ہوتی ہیں۔
واضح رہے کہ لیلیٰ نے ماضی میں فلم انڈسٹری میں اپنی پہچان بنائی تھی اور اب ایک بار پھر شوبز میں سرگرم دکھائی دے رہی ہیں۔ حال ہی میں ایک ریئلٹی شو میں شرکت کے بعد انہیں نئی نسل کے ناظرین میں بھی خاصی توجہ حاصل ہوئی ہے۔



