راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث 20 سالہ نوجوان کی ہلاکت کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ حافظ معاذ عباسی کو ناک کی ہڈی کے معمولی آپریشن کے لیے اسپتال لایا گیا تھا، تاہم آپریشن تھیٹر میں اینستھیزیا دیے جانے کے بعد طبی پیچیدگی پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔

متوفی کے والد نے ڈاکٹروں اور اسپتال کے عملے پر مبینہ غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب سے واقعے کی شفاف انکوائری کرانے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
جاسوسی کردار سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے امریکی اداکار 85 سال کی عمر میں چل بسے
جوان سال بیٹے حافظ معاذ عباسی کی اچانک موت پر اہل خانہ شدید غم اور صدمے سے دوچار ہیں۔ والد کا کہنا ہے کہ معمولی آپریشن کے لیے اسپتال آنے والے ان کے بیٹے کی موت نے پورے خاندان کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
دوسری جانب ہولی فیملی اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز بٹ کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے قائم انکوائری کمیٹی نے اپنی ابتدائی رپورٹ مرتب کر لی ہے۔
ڈاکٹر اعجاز بٹ کا کہنا ہے کہ نوجوان کی موت اینستھیزیا دیے جانے کے بعد پیدا ہونے والی طبی پیچیدگی کے باعث ہوئی، جبکہ علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت ثابت نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق واقعے کے حوالے سے کلینیکل آڈٹ بھی کروایا گیا ہے۔
ایم ایس ہولی فیملی اسپتال کے مطابق معاملے کی مزید اعلیٰ سطحی تحقیقات کے لیے کیس وائس چانسلر کو بھجوایا جا رہا ہے، تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔



