سلمان خان جوہی چاولہ سے شادی کرنا چاہتے تھے، اداکارہ نے برسوں پرانا راز کھول دیا
بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے ماضی میں جوہی چاولہ کے والد سے ان کا رشتہ مانگا تھا، تاہم اداکارہ کے والد نے شادی کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔
ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے معروف سپر اسٹار سلمان خان اور اداکارہ جوہی چاولہ سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے مطابق سلمان خان ماضی میں جوہی چاولہ سے شادی کرنا چاہتے تھے اور انہوں نے اداکارہ کے والد سے ان کا رشتہ بھی مانگا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 1980 اور 1990 کی دہائی کا ہے، جب سلمان خان اور جوہی چاولہ دونوں بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی پہچان بنانے میں مصروف تھے۔
سلمان خان نے کئی سال قبل ایک انٹرویو کے دوران اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جوہی چاولہ انہیں بہت اچھی اور پیاری لگتی تھیں، اسی لیے انہوں نے ان کے والد کے سامنے شادی کی خواہش ظاہر کی تھی۔
تاہم سلمان خان کو اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب جوہی چاولہ کے والد نے ان کا رشتہ قبول کرنے سے انکار کردیا۔
اداکار نے اس انکار کی کوئی حتمی وجہ بیان نہیں کی تھی، البتہ ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے اس وقت وہ جوہی کے والد کی توقعات پر پورا نہیں اترتے تھے۔
دوسری جانب جوہی چاولہ نے بھی ایک موقع پر اس پرانے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سلمان خان نے واقعی ان سے شادی کی خواہش ظاہر کی تھی۔
اداکارہ کے مطابق اس وقت دونوں خاندان ایک دوسرے کو زیادہ اچھی طرح نہیں جانتے تھے، جو اس رشتے کے آگے نہ بڑھنے کی ایک وجہ ہوسکتی ہے۔ اس دور میں سلمان خان ابھی بڑے سپر اسٹار نہیں بنے تھے جبکہ جوہی چاولہ کا فلمی کیریئر کامیابی کی جانب بڑھ رہا تھا۔
جوہی چاولہ کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ دونوں فنکاروں کے درمیان اچھی شناسائی ہوگئی اور اب ان کے تعلقات دوستانہ ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سلمان خان اور جوہی چاولہ نے کبھی کسی فلم میں مرکزی ہیرو اور ہیروئن کے طور پر ایک ساتھ کام نہیں کیا۔ تاہم 1997 کی فلم دیوانہ مستانہ میں سلمان خان مختصر کردار میں نظر آئے تھے، جبکہ 2007 کی فلم سلامِ عشق میں بھی دونوں فنکار شامل تھے، لیکن ان کی کہانیاں الگ تھیں۔
واضح رہے کہ جوہی چاولہ نے دسمبر 1995 میں معروف کاروباری شخصیت جے مہتا سے شادی کی تھی۔ ان کے دو بچے ہیں، جن میں بیٹی جہانوی اور بیٹا ارجن شامل ہیں۔
سلمان خان اور جوہی چاولہ سے متعلق یہ پرانا واقعہ ایک بار پھر مداحوں کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔



