Gas Leakage Web ad 1

عمران خان سے ملاقات کے پیچھے 28ویں آئینی ترمیم، نئے صوبوں اور گورنر راج کا معاملہ ہو سکتا ہے، خواجہ سعد رفیق

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے ملاقاتوں کے ممکنہ سیاسی محرکات پر سوالات اٹھا دیے، تمام سیاسی قوتوں کے درمیان نئے میثاقِ پاکستان کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

0

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے ملاقاتوں کے حوالے سے اہم سیاسی تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ملاقاتوں کا پس منظر 28ویں آئینی ترمیم، نئے صوبوں کی تشکیل اور خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے معاملات سے جڑا ہو سکتا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

خواجہ سعد رفیق نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اگرچہ ان کے پاس اس حوالے سے کوئی حتمی معلومات نہیں، تاہم ممکن ہے کہ ان ملاقاتوں کے دوران اہم سیاسی اور آئینی معاملات پر بات چیت ہوئی ہو۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ان کے وکلا سردار لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی ملاقات کے بعد مختلف سیاسی امکانات سامنے آ رہے ہیں۔ وکیل لطیف کھوسہ کے مطابق یہ ملاقات تقریباً چار گھنٹے جاری رہی، جس میں بشریٰ بی بی بھی شریک تھیں۔

خواجہ سعد رفیق نے امکان ظاہر کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ کی تقسیم یا نئے صوبوں کے معاملے پر عدم اتفاق کے بعد حکومت پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے لیے پی ٹی آئی کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق اس ممکنہ تعاون کے بدلے پی ٹی آئی کے لیے سیاسی آسانیاں پیدا کرنے کی بات بھی زیر غور ہو سکتی ہے۔

انہوں نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے حوالے سے بھی ایک امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون اور اسلام آباد پر آئندہ کسی احتجاجی دھاوے سے گریز کی یقین دہانی کے بدلے گورنر راج کے خاتمے کی تجویز بھی زیر بحث آ سکتی ہے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت اور خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان تعاون انتہائی ضروری ہے اور دونوں کو مل کر اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کرنی چاہئیں۔

نئے صوبوں کی تشکیل پر سیاسی اتفاق ضروری ہے

خواجہ سعد رفیق نے نئے صوبوں کے قیام کو حساس قومی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں نئے صوبوں کی تشکیل کا مطالبہ موجود ہے اور انتظامی ضروریات کے تحت اس پر غور بھی کیا جا سکتا ہے، تاہم اس معاملے کو سیاسی مفادات یا کسی ڈیل کے تحت آگے بڑھانا مناسب نہیں ہوگا۔

ان کے مطابق تمام نمائندہ سیاسی جماعتوں کو آزادانہ ماحول میں اعتماد کے ساتھ مل بیٹھ کر نئے صوبوں کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل تیار کرنا چاہیے۔ اگر اس عمل میں تمام سیاسی قوتوں کو شامل نہ کیا گیا تو مستقبل میں نئی پارلیمنٹ ان فیصلوں کو تبدیل بھی کر سکتی ہے۔

نئے میثاقِ پاکستان کی ضرورت پر زور

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو ترقی، استحکام اور جمہوری مضبوطی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کو بغیر کسی دباؤ کے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے زور دیا کہ تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کریں۔ ملک میں سیاسی استحکام، جمہوریت اور قومی یکجہتی کے لیے نئے میثاقِ پاکستان کی اشد ضرورت ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کے حوالے سے بھی مطالبہ کیا کہ ان کی قیدِ تنہائی ختم ہونی چاہیے اور تمام سیاسی فریقوں کو ماضی کی تلخیوں سے آگے بڑھ کر پی ٹی آئی کے لیے بھی پرامن سیاسی سرگرمیوں کا ماحول فراہم کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سیاسی مفاہمت اور قومی اتفاق رائے ہی آگے بڑھنے کا بہتر راستہ ہے

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.