اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت کی۔ اس موقع پر عدالت نے کہا کہ اگر آئندہ سماعت پر دلائل شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی جائے تو دونوں کی ملاقات کرائی جا سکتی ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ کل کے لیے وقت بتا دیں، ایک گھنٹے کی ملاقات کا انتظام کر دیا جائے گا۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان، پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی
دوسری جانب اڈیالہ جیل میں میڈیکل ٹیم نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ بھی کیا۔
سماعت کے دوران وکیل سلمان صفدر کی جانب سے بانی پی ٹی آئی سے دوبارہ ملاقات کی درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ قانون کے مطابق ملاقاتیں کرائی جا رہی ہیں، لیکن اگر آج یہ اجازت دی گئی تو کل آپ پانچ افراد کی ملاقات کا مطالبہ کریں گے۔
اس پر سلمان صفدر نے کہا کہ عدالت واضح طور پر کہہ دے تو وہ اپنا وکالت نامہ واپس لے لیتے ہیں، تاہم انہیں اس طرح عدالتی کارروائی سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔
ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی طبی بنیادوں پر آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران رہائی کا امکان ہے۔



