Gas Leakage Web ad 1

ورلڈ کپ 2027 میں پاک بھارت ٹاکرا: 34 ہزار نشستوں کے لیے 84 لاکھ درخواستیں موصول

0

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈ کپ 2027 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کو دیکھنے کے لیے شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے، جہاں صرف 34 ہزار نشستوں والے اسٹیڈیم کے لیے 84 لاکھ سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہوگئی ہیں۔

Gas Leakage Web ad 2

آئی سی سی کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ ہائی وولٹیج مقابلہ 10 اکتوبر 2027 کو جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ کے وانڈرز اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس میچ کے ٹکٹوں کے لیے مجموعی طور پر 83 لاکھ 97 ہزار 294 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جبکہ اسٹیڈیم میں صرف 34 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اس طرح دستیاب نشستوں کے مقابلے میں ٹکٹوں کی طلب کئی گنا زیادہ ہے۔

ٹکٹوں کی طلب کے لحاظ سے ورلڈ کپ کا فائنل دوسرے نمبر پر ہے۔ 21 نومبر 2027 کو اسی وانڈرز اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل کے لیے 79 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق فائنل کے ٹکٹوں کے لیے 79 لاکھ 944 درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کی فروخت کے لیے جاری قرعہ اندازی کے عمل کو دنیا بھر میں غیر معمولی پذیرائی ملی ہے۔ اب تک 193 ممالک سے شائقین نے 12 کروڑ سے زائد ٹکٹ درخواستیں جمع کرائی ہیں، جبکہ 28 لاکھ منفرد شائقین نے ٹورنامنٹ دیکھنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

2027 کا ون ڈے ورلڈ کپ 24 سال بعد پہلی مرتبہ افریقا میں منعقد ہوگا۔ جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر اس عالمی ایونٹ کی میزبانی کریں گے۔ ٹورنامنٹ میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی اور مجموعی طور پر 12 مختلف مقامات پر 57 میچز کھیلے جائیں گے۔

ٹکٹوں کی درخواستوں میں جنوبی افریقا سب سے آگے ہے، جہاں آٹھ اسٹیڈیمز میں 41 میچز کے لیے 10 کروڑ 50 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ان میں میزبان جنوبی افریقا کے میچز کے لیے تقریباً 2 کروڑ 60 لاکھ درخواستیں شامل ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق ٹکٹوں کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا عمل 21 نومبر 2026 تک جاری رہے گا۔ شائقین آئی سی سی کی سرکاری ٹکٹنگ ویب سائٹ کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

جن میچز کے ٹکٹوں کی طلب دستیاب نشستوں سے زیادہ ہوگی، ان کے لیے کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس طریقہ کار کے تحت درخواست جمع کرانے والے تمام شائقین کو ٹکٹ ملنے کی ضمانت نہیں ہوگی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.