گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صدر آصف زرداری نے تاحال صوبے میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق رپورٹ نہیں مانگی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صدر نے جیسے ہی رپورٹ مانگی تو وہ اسے تیار کرکے سفارشات سمیت بھیج دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں ہے اور کے پی حکومت امن و امان کے معاملے پر وفاقی حکومت سے تعاون نہیں کر رہی۔
کے پی حکومت کی پالیسی دہشتگردوں کو آگے بڑھانے کی ہے: عطا اللہ تارڑ
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی پشاور میں ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کو دہشتگردی سے بچانے کے لیے آئینی کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
گورنر ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق صدر اور وزیراعظم اگر گورنر راج یا ایمرجنسی کو ضروری سمجھیں تو گورنر ہاؤس آئینی کردار ادا کرے گا۔
ذرائع کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا نے بتایا کہ صوبے میں غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر پولیس الرٹ ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔



