اے آئی سے ایک ارب افراد کی اموات، بل گیٹس نے خبردار کردیا
*اے آئی کا غلط استعمال ایک ارب انسانوں کی ہلاکت کا سبب بن سکتا ہے، بل گیٹس کا انتباہ*

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کا غلط استعمال ایک ارب سے زیادہ انسانوں کی ہلاکت کا سبب بن سکتا ہے۔
این بی سی نیوز کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر جدید اے آئی ٹیکنالوجی غلط ہاتھوں میں چلی گئی تو اس کے نتائج کسی بھی سابق ہتھیار سے زیادہ خطرناک ہو سکتے ہیں۔
بل گیٹس نے امریکی حکومت پر زور دیا کہ اے آئی کی ترقی کے لیے وفاقی سطح پر قانون سازی ناگزیر ہے تاکہ مؤثر حفاظتی ضوابط بنائے جا سکیں۔
ماہرین کے مطابق اے آئی سے سائبر حملے زیادہ خطرناک ہو سکتے ہیں، کیونکہ یہ کمزوریاں تلاش کرنے، حملے خودکار بنانے اور نقصان دہ کوڈ بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔ اس سے جعل سازی، شناختی فراڈ اور ڈیپ فیک مواد بنانا بھی آسان ہو جائے گا۔
اگرچہ اے آئی نے طب، تعلیم اور سائنس میں انقلاب برپا کیا ہے، لیکن تشویش ہے کہ یہ خطرناک حیاتیاتی تحقیق تک رسائی کو بھی آسان بنا سکتی ہے، اس لیے ماہرین حیاتیاتی تحفظ کے سخت ضوابط پر زور دے رہے ہیں۔



