ملک بھر میں گروسری اور کریانہ اسٹورز کو ہفتے کے تمام دن بشمول ہفتہ اور اتوار، رات 10:00 بجے تک کھلا رکھنے کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ایندھن کی بچت اور اضافی کفایت شعاری اقدامات کی مانیٹرنگ اینڈ امپلی منٹیشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں موجودہ بچت اقدامات پر عملدرآمد کی صورتحال اور مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے دی گئی استثنیٰ کی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد کمیٹی نے ان درخواستوں پر اپنی حتمی سفارشات مرتب کر لیں۔
عوامی سہولت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کمیٹی نے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ملک بھر میں اسٹینڈ الون گروسری اور کریانہ اسٹورز کو ہفتے کے تمام دن، بشمول ہفتہ اور اتوار، رات 10:00 بجے تک کھلا رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔
اس کے علاوہ، عوام کو دستاویزات کی تصدیق میں آسانی فراہم کرنے کے لیے فیصلہ کیا گیا کہ وزارتِ خارجہ اور اس کے کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور گجرات میں قائم علاقائی دفاتر میں کونسلر تصدیقی خدمات جمعہ کے روز بھی مکمل فعال رہیں گی۔
اجلاس میں ملک میں جاری اضافی کفایت شعاری مہم کی مدت، جو کہ 13 جون 2026 کو ختم ہو رہی تھی، اسے مزید بڑھا کر 30 جون 2026 تک لاگو رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اس ہائی لیول اجلاس میں وفاقی وزراء برائے پیٹرولیم، ماحولیاتی تبدیلی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے خزانہ، ڈپٹی وزیراعظم کے معاونِ خصوصی، اور کابینہ، کامرس، پیٹرولیم و آئی ٹی ڈویژنز کے سیکرٹریز سمیت وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔