25 مئی 2026: پاک فضائیہ نے اپنی شاندار اسپورٹس روایات میں ایک اور سنہری باب کا اضافہ کرتے ہوئے 55ویں قومی والی بال چیمپئن شپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں پاکستان ائیر فورس نے پاکستان نیوی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ فائنل مقابلہ پی او ایف اسپورٹس کمپلیکس، واہ کینٹ میں منعقد ہوا۔ ملک بھر کے مختلف محکموں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والی 16 بہترین ٹیموں نے 18 سے 23 مئی 2026 تک جاری رہنے والی قومی چیمپئن شپ میں حصہ لیا، جہاں اعلیٰ معیار کے مقابلوں نے شائقین کو بھرپور جوش و خروش فراہم کیا اور پاکستان کے بہترین والی بال ٹیلنٹ کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا گیا۔
پاک فضائیہ اور پاکستان نیوی کے درمیان کھیلا جانے والا گرینڈ فائنل اعلیٰ درجے کی مہارت، غیر متزلزل عزم اور شاندار کھیل کے جذبے کا مظہر ثابت ہوا۔ پہلے سیٹ میں 16-25 سے اسکور کے باوجود پاک فضائیہ نے غیر معمولی کم بیک کرتے ہوئے اگلے تینوں سیٹس 21-25، 21-25 اور 18-25 سے اپنے نام کیے اور یوں 1-3 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے 12 برس بعد قومی ٹائٹل دوبارہ اپنے نام کر لیا۔ یہ شاندار کامیابی پاک فضائیہ کے ٹیم ورک اور مسابقتی جذبے سے پُرعزم وابستگی کی عکاس ہے۔ پورے ٹورنامنٹ کے دوران پاک فضائیہ کی ٹیم بھرپور فارم میں نظر آئی اور اس نے اعلیٰ فٹنس، بہترین حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ کیا۔ فائنل سے قبل پاک فضائیہ نے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن واپڈا کو مسلسل سیٹس میں شکست دے کر بغیر کوئی سیٹ ہارے فائنل تک رسائی حاصل کی۔
پاک فضائیہ ٹیم کے کپتان چیف ٹیکنیشن فہد رضا ٹورنامنٹ کے نمایاں کھلاڑی قرار پائے، جنہیں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر “بہترین کھلاڑی برائے فائنلاور بہترین کھلاڑی برائے ٹورنامنٹ کے اعزازات سے نوازا گیا۔ مزید برآں چیف ٹیکنیشن آفاق خان کو پورے ایونٹ میں غیر معمولی کارکردگی کے اعتراف میں بہترین آؤٹ سائیڈ ہٹر کا اعزاز دیا گیا۔ یہ فتح پاک فضائیہ کی صلاحیت، کھیل کے مثبت جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ساتھ صحت مند مسابقتی کلچر کے فروغ کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔