اگر آپ کا قد 5 فٹ سے کم ہے، تو ہو سکتا ہے آپ نے کبھی “پیٹیٹ وومن (Petite Woman)” جیسے الفاظ بھی سنے ہوں۔ اگر ایسا ہے تو ہم آپ کی اس کیفیت کو سمجھ سکتے ہیں، تاہم ان تمام نظریات کو فیشن کے انتخاب سے تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے۔ اکثر اوقات ماہرین کو یہ کہتے سنا جاتا ہے کہ فیشن کا انتخاب قد، رنگت اور عمر کی مناسبت سے کیا جانا چاہیے، جانتے ہیں کیوں؟ کئی جگہوں پر آپ کا لباس اور انداز بہت سی حقیقتوں کو ڈھانپ لیتا ہے اور جب بات ہو چھوٹے قد کی، تو ایسی خواتین کو کپڑوں کے انتخاب کے دوران خاص احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ ٹرینڈز کو فالو کرنا چھوڑ دیں بلکہ مقصد یہ ہے کہ آپ ایک خاص اصول پر عمل کریں۔ آج ہم قارئین سے کچھ ایسی ہی ٹپس شیئر کرنے جا رہے ہیں جو انہیں دراز قد نظر آنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
فٹنگ والا لباس
اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ اپنے قد سے لمبی نظر آئیں تو اپنے ملبوسات کو ڈھیلا ڈھالا سلوانے کے بجائے فٹنگ کے ساتھ تیار کروائیں۔ اسٹرکچر اور فٹنگ والے ملبوسات آپ کے قد کو نمایاں اور بڑا دکھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
لمبی دھاریوں والے ملبوسات
اگر آپ کا قد چھوٹا ہے تو آپ ہوریزونٹل لائنز کے ہمراہ پرنٹڈ ملبوسات کا انتخاب نہ کریں۔ اس کے برعکس ورٹیکل لائنز (لمبی دھاریوں) والے ملبوسات آپ کے قد کو بڑا دکھاتے ہیں۔
اسکنی جینز نہ پہنیں
فیشن ماہرین چھوٹے قد کی خواتین کو اسکنی جینز نہ پہننے کا مشورہ دیتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ٹخنوں کو چھوتی اسکنی جینز آپ کے قد کو مزید چھوٹا دکھاتی ہے۔ اگر آپ کو اسکنی جینز پہننے کا شوق ہے تو ٹخنوں سے جینز کو کھلا رکھ سکتی ہیں، اس کے علاوہ بوٹ کٹ اور فلیئرڈ پینٹ آپ کے لیے بہترین رہیں گی۔ ان پینٹس کو ہیل کے ساتھ پہنا جائے تو آپ کی ہائٹ کسی ماڈل کی طرح متاثر کن اور نمایاں محسوس ہوگی۔
کمر سے اوپر ٹراؤزر
کمر سے اونچی جینز، ٹراؤزر، اسکرٹ اور شارٹس پہننا چھوٹے قد والی خواتین کے لیے ایک بہترین انتخاب ثابت ہو سکتے ہیں۔ کمر سے اوپر ٹراؤزر پہننے کی وجہ سے یہ ملبوسات آپ کی ٹانگوں کو لمبا، قد کو نمایاں اور وزن کو متوازن دکھانے کے لیے بھی مناسب ہیں۔
ملبوسات کے پرنٹ
اگرچہ ان دنوں پرنٹڈ ملبوسات کافی فیشن میں ہیں لیکن چھوٹے قد والی خواتین کو ان پرنٹس کے انتخاب میں بھی خاص احتیاط کی ضرورت ہے کیونکہ بڑے بڑے اور واضح پرنٹ آپ کے قد کو چھوٹا دکھاتے ہیں۔ اس کے علاوہ چھوٹے پرنٹ اور لمبی دھاریوں والے ملبوسات آپ کو لمبا دکھانے کے لیے بہترین انتخاب ثابت ہوتے ہیں۔
گہرے رنگ
گہرے رنگ بھی چھوٹے قد والی خواتین کے لیے بہترین ثابت ہو سکتے ہیں۔ اگر آپ کا قد چھوٹا ہے تو کوشش کریں کہ زیادہ سے زیادہ گہرے رنگوں والے کپڑے پہنیں تاکہ آپ کا قد بڑا دکھائی دے۔
مونوکرومیٹک پرنٹ
جی ہاں! رنگ برنگے یا کئی رنگوں والے ملبوسات آپ کے قد کو مزید چھوٹا دکھا سکتے ہیں، لہٰذا مونوکرومیٹک (مثلاً ایک رنگ والے) ملبوسات کا انتخاب کریں جس کے باعث آپ دراز قد محسوس ہوتی ہیں۔
درست ہیئر اسٹائل کا انتخاب
ہیئر اسٹائل بھی آپ کے قد میں کئی انچ کا اضافہ کر سکتا ہے، جانتی ہیں کیسے؟ دراز قد نظر آنے کے لیے ماہرین خواتین کو مشورہ دیتے ہیں کہ درمیانے سے لمبے بالوں کا اسٹائل آپ کے قد کو بڑا دکھاتا ہے کیونکہ یہ ہیئر اسٹائل گردن کو نمایاں اور لمبا دکھاتے ہیں۔
ہیل
آخری اور سب سے اہم چیز جو آپ کے قد میں نمایاں اضافہ کر سکتی ہے وہ ہیل ہے۔ ہیل نہ صرف آپ کے قد میں اضافہ کرتی ہے بلکہ آپ کو ایک ماڈرن لک بھی دیتی ہے۔