لاہور: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ امریکا ایران جنگ میں کردار ادا کرنے کی بڑی وجہ بھی معرکہ حق میں کامیابی تھی۔
لاہور چیمبر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اب اگر معرکہ ترقی نہ جیتا گیا تو معرکہ حق کے دفاع کو بھی زیادہ دیر تک برقرار نہیں رکھا جا سکے گا۔
سندھ حکومت کا عیدالاضحیٰ سے قبل سرکاری ملازمین کے لیے اہم اعلان
انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے نہایت سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا اور ملک کے استحکام کے لیے مضبوط معیشت ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق وطن کے لیے قربانی کا جذبہ ہی معرکہ حق کی کامیابی کی بنیاد بنا، پاکستان نے ایک قوم بن کر دشمن کا مقابلہ کیا، اور اسی قومی یکجہتی سے معاشی میدان میں بھی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ مسلح افواج نے کئی گنا بڑے دشمن کو مؤثر جواب دیا، بھارت کے خلاف کامیابی نے پاکستان کو عالمی سطح پر نئی پہچان دی، اور ان کے مطابق امریکا ایران جنگ میں کردار ادا کرنے کی ایک وجہ بھی معرکہ حق میں کامیابی تھی۔