راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی درخواست غیر ضروری اور فضول قرار دے کر خارج کر دی۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست پر انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ آ گیا، عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے درخواست گزار پر دس ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
عدالت نے درخواست گزار کو دس ہزار روپے جرمانہ ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کی ڈسپینسری میں جمع کرانے کا حکم دے دیا، عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ یہ جرمانہ غریب مریضوں کے علاج پر خرچ کیا جائے گا۔ عدالت نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں کا طریقہ کار اسلام آباد ہائی کورٹ پہلے ہی طے کر چکی ہے، ٹرائل کورٹ ملاقاتوں پر کوئی متضاد حکم جاری نہیں کر سکتی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ عمران خان جی ایچ کیو حملہ کیس میں ضمانت پر ہیں جوڈیشل تحویل میں نہیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے پہلے بھی اسی نوعیت کی دو درخواستیں دائر کی گئیں، متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کے بجائے درخواست گزار عدالت کا وقت ضائع کر رہا ہے۔ یاد رہے کہ وکیل فیصل ملک نے آج نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے درخواست دی تھی۔