اسلام آباد پولیس کے برطرف کانسٹیبل کی خودکشی، محکمانہ رویے پر سوالات
اسلام آباد میں پولیس کے برطرف کانسٹیبل امجد صدیق (نمبر 8390) نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی، جس نے محکمانہ نظام اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق چند روز قبل ایک ملزم حوالات لے جانے والی پولیس گاڑی سے فرار ہو گیا، جس کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کانسٹیبل کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔ بعد میں فرار ہونے والا ملزم دوبارہ گرفتار ہو گیا، تاہم مرحوم کی ملازمت بحال نہ کی گئی اور ان کی اپیلیں نظر انداز کی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بے روزگاری، شدید مالی مشکلات اور ذہنی دباؤ نے کانسٹیبل کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔ واقعے کے بعد پولیس ڈیپارٹمنٹ میں اہلکاروں کے ساتھ رویے، انصاف اور فلاحی نظام پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔ مختلف حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔