دنیا بھر میں مسلمانوں کیخلاف نفرت اور تعصب کے خاتمے کی ضرورت ہے: صدر زرداری
دنیا بھر میں مسلمانوں کیخلاف نفرت اور تعصب کے خاتمے کی ضرورت ہے: صدر زرداری
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف پھیلنے والی نفرت اور تعصب کے خاتمے کی ضرورت ہے۔
اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ اسلام امن، ہمدردی اور انصاف کا مذہب ہے اور اسے انتہا پسندی سے جوڑنا لاعلمی کی علامت ہے۔
ایران نے بھارت کے 2 بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دیدی
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو نفرت انگیز جرائم کے خلاف قانونی تحفظ کو مضبوط بنانا چاہیے، جبکہ اظہارِ رائے کی آزادی کو نفرت پھیلانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہبی تنوع کے احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی ضرورت ہے اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
صدر پاکستان نے کہا کہ کرائسٹ چرچ کا سانحہ انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑنے والا واقعہ تھا۔ ان کے مطابق پاکستان اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی فورمز پر مسلسل آواز اٹھاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی مختلف معاشروں کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم مسلمانوں کے خلاف تعصب بیرون ملک پاکستانیوں کے تحفظ کو متاثر کرتا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک آزاد نیشنل کمیشن قائم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو تعصب کے خاتمے اور مکالمے کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے اور مذہبی عقائد کا احترام اور مساوی قانونی تحفظ عالمی سطح پر مشترکہ ذمہ داری ہے۔