نامور پاکستانی گلوکار حسن جہانگیر نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک بڑے سانحے کا پہلی بار پردہ اٹھایا۔ حسن جہانگیر، جو 1986 سے موسیقی کے میدان میں متحرک ہیں اور تقریباً 40 سال بعد بھی اسی طرح مقبول اور توانائی سے بھرپور نظر آتے ہیں، عموماً خوش مزاج، اسٹائلش اور پُرجوش شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ تاہم انہوں نے ہمیشہ اپنی ذاتی زندگی کو نجی رکھا اور اپنے خاندان کے بارے میں کم ہی بات کی۔
پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب ایک بار پھر گریمی ایوارڈ کیلئے نامزد
چند سال قبل ان کی بیٹی کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جن میں وہ نہایت خوبصورت اور خوش نظر آ رہی تھیں اور ان کے ساتھ حسن جہانگیر بھی موجود تھے۔ حال ہی میں حسن جہانگیر نجی ٹی وی کے رمضان ٹرانسمیشن میں مہمان کے طور پر شریک ہوئے، جہاں انہوں نے پہلی بار اپنی ذاتی زندگی کے بڑے دکھ کا ذکر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی صرف ایک بیٹی ہے، جو ان کے لیے سب کچھ ہے۔ تقریباً 27 سے 28 سال قبل ان کی اہلیہ کا انتقال ہو گیا تھا، اور اس وقت ان کی بیٹی بہت چھوٹی تھی۔ اس سانحے کے بعد حسن جہانگیر نے اپنی ساری توجہ بیٹی کی پرورش پر مرکوز کر دی اور دوبارہ شادی نہیں کی۔ اب ان کی بیٹی شادی کے بعد سوئیڈن میں مقیم ہیں اور پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہیں۔
حسن جہانگیر نے یہ بھی بتایا کہ ان کی والدہ اور بہنوں نے بیٹی کی پرورش میں ان کا بہت ساتھ دیا۔ اب ان کی بیٹی چاہتی ہیں کہ وہ دوبارہ شادی کر لیں تاکہ وہ اکیلے نہ رہیں۔ اس انکشاف سے نہ صرف ان کی ذاتی زندگی کے درد کا اندازہ ہوتا ہے بلکہ یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ کس طرح انہوں نے اپنے کیریئر کے ساتھ ساتھ والد کی ذمہ داری بھی پوری ایمانداری سے نبھائی۔