ایران جنگ کے بعد مزید ممالک ابراہم معاہدے میں شامل ہونا چاہتے ہیں: ٹرمپ کا دعویٰ

0

ایران جنگ کے بعد مزید ممالک ابراہم معاہدے میں شامل ہونا چاہتے ہیں: ٹرمپ کا دعویٰ
اگر زہران نیویارک کا میئر بنا تو اسے درست طریقے سے کام کرنا ہوگا، امریکی صدر
( نیوز ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوٰی کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے بعد مزید ممالک ابراہم معاہدے میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران پر حملوں سے متعلق انٹیلی جنس معلومات افشا کرنیوالوں کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایرانی ایٹمی ہتھیار بنانے سے چند ہفتے دور تھے اور ایران نے یورینیم کہیں اور منتقل نہیں کیا کیونکہ انہیں یقین نہیں تھا کہ ہم حملہ کریں گے تاہم ہمارے ہر میزائل نے ایران میں اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
امریکی صدر نے امید ظاہر کی کہ ایران اب ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کرے گا۔
انہوں نے ایک بار پھر سے دہرایا کہ ایران کو یورینیم افزودہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور ہم نے ایران کی تینوں جوہری مقامات کو تباہ کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے بھی ایرانی جوہری تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ میں ان پائلٹس کا وائٹ ہاؤس میں استقبال کروں گا جنہوں نے ایران پر بمباری کی۔
نیویارک میئر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ نیویارک کا جو بھی میئر ہوگا اسے اپنا رویہ درست کرنا ہوگا اور اگر رویہ درست نہ ہوا تو وفاقی حکومت مالی طور پر کارروائی کرے گی۔
انہوں نے زہران ممدانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کمیونسٹ ہے اور وہ نیویارک کیلئے بہت برا میئر ثابت ہوگا۔
ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ اگر زہران نیویارک کا میئر بنا تو اسے درست طریقے سے کام کرنا ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.