بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے اپنی شاندار فارم کی بدولت آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ جولائی 2021 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کوہلی نے اپنے ساتھی کھلاڑی روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ اتوار کے روز وڈودرا میں نیوزی لینڈ کے خلاف 91 گیندوں پر 93 رنز کی میچ وننگ اننگز نے انہیں دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اکبر ایس بابر کا محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے فیصلے کو قانونی فورم پر چیلنج کرنے کا اعلان
ویرات کوہلی اپنے شاندار کیریئر میں اب تک 11 ویں بار نمبر ون بنے ہیں۔ وہ اب تک مجموعی طور پر 825 دن دنیا کے نمبر ون ون ڈے بیٹر رہے ہیں، جو کسی بھی بھارتی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ دن پہلی پوزیشن پر رہنے کا ریکارڈ ہے۔ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز میں ان کی مسلسل بہتر کارکردگی نے رینکنگ میں اس بہتری کی راہ ہموار کی۔ ون ڈے رینکنگ میں دیگر بڑی تبدیلیوں میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل بھی روہت شرما سے آگے نکل گئے ہیں، جبکہ کے ایل راہول 11 ویں اور محمد سراج 15 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ اور اسٹیو اسمتھ بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ ایشز سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے مچل اسٹارک باؤلرز کی فہرست میں نویں سے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں اور ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی ٹاپ 5 فہرست میں بھی شامل ہو گئے ہیں۔ انگلش باؤلر جوش ٹونگ اپنے کیریئر کی بہترین 21 ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سری لنکا کے اسپنر وانندو ہسرنگا تین درجے بہتری کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان حالیہ سیریز کے بعد پاکستانی بلے بازوں میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی ہے؛ صاحبزادہ فرحان پانچویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جبکہ سلمان آغا 13 درجے ترقی کے ساتھ 41 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ باؤلرز میں پاکستان کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر سلمان مرزا 16 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 19 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔