پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بالی وڈ کی سپر ہٹ فلم ‘ویر زارا’ میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی لیکن انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اسے ٹھکرا دیا۔
: پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ اور سوشل ایکٹوسٹ نادیہ جمیل رضوانہ سے ملاقات
نادیہ جمیل نے ایک نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے بتایا کہ فلم ‘ویر زارا’ میں کام کرنے کی پیشکش کے وقت ان کا بچہ صرف تین ماہ کا تھا اور وہ اسے چھوڑ کر نہیں جا سکتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچے کے ساتھ ابتدائی مہینوں میں رہنا چاہتی تھیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی والدہ نے ان کے ساتھ شوٹنگ پر چلنے کی پیشکش کی تھی اور ان کے سسرال والوں کو بھی کوئی اعتراض نہیں تھا، لیکن انہوں نے اس کے باوجود اپنے بچے کے ساتھ رہنے کو ترجیح دی۔
نادیہ جمیل نے کہا کہ بہت سے لوگوں نے انہیں متنبہ کیا کہ اتنی بڑی فلم سے انکار کرنا ان کے کیرئیر کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، لیکن انہوں نے اس وقت اپنے بچے کے ساتھ رہنے کا انتخاب کیا۔
واضح رہے کہ 2004 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم ‘ویر زارا’ میں شاہ رخ خان اور پریتی زنٹا نے مرکزی کردار ادا کیے تھے جبکہ پاکستانی وکیل سمیعہ صدیقی کا کردار اداکارہ رانی مکھرجی نے نبھایا تھا۔