ریلوے ذرائع کے مطابق 27 جولائی کو آنے والے سیلاب کے باعث مسن کالر پل کو شدید نقصان پہنچا تھا، جس کے نتیجے میں اس سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی تھی۔ ریلوے انتظامیہ نے تقریباً ساڑھے تین ماہ کے طویل انتظار کے بعد 15 نومبر کو متاثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت مکمل کرکے اسے ٹرینوں کی آمدورفت کے لیے بحال کردیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریک کی بحالی کے بعد قراقرم ایکسپریس اور شالیمار ایکسپریس کو ان کے اصل روٹس پر دوبارہ چلا دیا گیا، تاہم لاہور اور فیصل آباد کے درمیان چلنے والی بدر ایکسپریس اور غوری ایکسپریس تاحال بحال نہیں ہوسکیں۔ دونوں ٹرینوں کی دوبارہ سروس شروع نہ ہونے کی بنیادی وجہ مسافر کوچز (بوگیوں) کی شدید قلت بتائی جا رہی ہے۔
پنجاب حکومت نے تلور کے شکار کیلئے دو ماہ کی عارضی اجازت دے دی
دوسری جانب ترجمان پاکستان ریلویز نے بھی اس صورتحال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ محکمے کو اس وقت مسافر کوچز کی کمی کا سامنا ہے، کیونکہ وزیر ریلوے کی ہدایت پر غیر معیاری اور ڈمی کوچز کو ریلوے کے نظام سے خارج کردیا گیا ہے۔
ترجمان پاکستان ریلویز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متبادل کوچز کا انتظام جلد مکمل کرلیا جائے گا اور یکم دسمبر تک بدر ایکسپریس اور غوری ایکسپریس کو دوبارہ بحال کردیا جائے گا۔


